لائف اسٹائل

چائلڈ کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کی انسٹاگرام پر واپسی، ویڈیو میں مبینہ رپورٹنگ پر ردعمل

16 سالہ طلحہ احمد کسی بھی پلیٹ فارم پر قابل اعتراض مواد شیئر نہیں کرتے تھے، کانٹینٹ کریئیٹر کا اکاؤنٹ 21 اگست کو معطل کیا گیا تھا۔

چائلڈ کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ تین دن کی معطلی کے بعد بحال ہوگیا ہے اور انہوں نے اپنی واپسی کے موقع پر ویڈیو میں مبینہ رپورٹنگ کے حوالے سے اپنا ردعمل بھی دیا۔

گزشتہ دنوں کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو معطل کر دیا گیا، جس پر ان کے پانچ لاکھ سے زائد فالوورز پریشان دکھائی دیے، طلحہ احمد کسی بھی پلیٹ فارم پر قابل اعتراض مواد شیئر نہیں کرتے تھے۔

کانٹینٹ کریئیٹر نے 21 اگست کو اکاؤنٹ کی معطلی کی اطلاع دی اور ساتھ ہی نئے عزم کے ساتھ دوبارہ پلیٹ فارم پر آنے کا عندیہ دیا۔

ان کے مطابق انسٹاگرام نے بتایا کہ اکاؤنٹ معطل کرنے کی وجہ پلیٹ فارم کے رولز کی خلاف ورزی ہے، لیکن رولز کی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔

طلحہ احمد کی عمر 16 سال ہے اور یہ گمان کیا جا رہا تھا کہ کم عمر ہونے کی وجہ سے انسٹاگرام نے اکاؤنٹ معطل کیا، تاہم اس عمر کے افراد کے اکاؤنٹس کو محدود فیچرز تک رسائی حاصل ہوتی ہے اور انہیں اکاؤنٹ بنانے کی بھی اجازت ہوتی ہے۔

حال ہی میں طلحہ احمد نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹ کے بحال ہونے کی اطلاع دی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم اور مداحوں و دوستوں کی دعاؤں کے بدولت ان کا اکاؤنٹ بحال ہوا ہے اور اس دوران لوگوں کی بڑی تعداد کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات پر وہ شکر گزار ہیں۔

طلحہ احمد نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آیا کہ چار سے پانچ ماہ بعد انسٹاگرام نے اکاؤنٹ اچانک کیوں بند کیا اور اگر یہ مبینہ رپورٹنگ کی وجہ سے ہوا ہے تو وہ ایسے لوگوں کے لیے یہ شعر پیش کرنا چاہتے ہیں ہم ہی کو جراتِ اظہار کا سلیقہ ہے، صدا کا قحط پڑے گا تو ہم ہی بولیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس بہت سا نیا کانٹینٹ ہے جو وہ اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کریں گے، اس لیے سب لوگ ان سے جڑے رہیں۔

طلحہ احمد نے ویڈیو میں یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنے کام کے ذریعے سوشل میڈیا صارفین میں خوشیاں اور مسکراہٹیں بانٹتے رہیں گے۔