لائف اسٹائل

صارفین کا بھارتی فلم کے گانے پر پاکستانی ڈرامے ’منت مراد‘ کے گانے کی نقل کا الزام

فلم کے ریلیز ہونے والے گانے ڈینجر کی موسیقی اور اسٹائل کو پاکستانی ڈرامے ’منت مراد‘ کے مشہور گانے ’لال سوٹ‘ کے ساتھ موازنہ کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی فلم کے حالیہ گانے پر پاکستانی ڈرامے ’منت مراد‘ کے مشہور گانے سے مشابہت کا الزام لگا دیا ہے۔

بالی وڈ کی نئی فلم ’پرم سندری‘ کا گانا ’ڈینجر‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔

فلم پرم سندری کی کہانی شمالی ہندوستان کے لڑکے اور جنوبی ہندوستان کی لڑکی کے درمیان محبت کے رشتے پر مبنی ہے، یہ فلم 29 اگست 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

فلم کے ریلیز ہونے والے گانے ’ڈینجر‘ کی موسیقی اور اسٹائل کو پاکستانی ڈرامے ’منت مراد‘ کے مشہور گانے ’لال سوٹ‘ کے ساتھ موازنہ کیا جا رہا ہے۔

’ڈینجر‘ میں اداکارہ جھانوی کپور اور اداکار سدھارتھ ملہوترا نے پرفارم کیا ہے۔

پاکستانی گانا لال سوٹ شادی پر مبنی ایک مشہور گانا ہے، جس میں اقرا عزیز، طلحہ چہور اور رابعہ کلثوم جیسی مشہور شخصیات نے رقص کیا تھا۔

صارفین کا کہنا ہے کہ جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈراما سیریل ’منت مراد‘ کے ٹائٹل ٹریک ’لال سوٹ‘ سے بھاتی گانا کافی حد تک مشابہت رکھتا ہے۔

بعض صارفین کے خیال میں منت مراد کا گانا بھارتی گانے کے مقابلے میں زیادہ بہتر تھا۔

سوشل میڈیا پر اس گانے پر کافی بحث و مباحثہ جاری ہے، تاہم فلم کے تخلیق کاروں نے ابھی تک ان الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔