پاکستان

فیصل آباد : گھریلو جھگڑے کے بعد شوہر نے مبینہ طور پر بیوی پر تیزاب پھینک دیا

واقعہ فیصل آباد کی تحصیل سمندری میں پیش آیا، خاتون کا چہرہ اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے ہیں، ڈاکٹر، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس

پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے تحصیل سمندر میں شوہر نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے کے دوران بیوی پر تیزاب پھینک دیا جس سے متاثرہ خاتون شدید جھلس گئی، ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سمندری کی ہاؤسنگ کالونی نمبر 1 میں، سٹی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جہاں شوہر مبینہ طور پر اپنی بیوی پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا۔

تیزاب سے خاتون شدید جھلس گئی جسے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال، سمندری منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ خاتون کا چہرہ اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں تیزاب گردی خواتین کے خلاف تشدد کی ایک مستقل شکل بنی ہوئی ہے، جو عموماً گھریلو جھگڑوں سے جنم لیتی ہے، اور اس کے متاثرین کو زندگی بھر جسمانی اور نفسیاتی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اپریل میں پنجاب حکومت نے خواتین پر تیزاب گردی کے واقعات کے پیش نظر صوبے میں تیزاب کے کاروبار کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ایک بل کو حتمی شکل دی۔

ڈرافٹ قانون کے مطابق کوئی بھی شخص بغیر لائسنس کے تیزاب کا کاروبار نہیں کر سکے گا۔ اس میں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو تیزاب فروخت نہیں کیا جائے گا۔ قانون میں 30 اقسام کے تیزاب کی فہرست دی گئی ہے۔

اتوار کو بہاولپور میں ایک خاتون اور ایک مرد علیٰحدہ علیٰحدہ تیزاب گردی کے واقعات میں شدید جھلس گئے۔

جون میں ساہیوال کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایک شخص کو اپنی سابقہ ساس اور اس کے 10 سالہ بیٹے کو تیزاب پھینک کر شدید زخمی کرنے کے جرم میں 14 سال قید اور 81 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔