روبی انعم کا بشریٰ انصاری سے متعلق اپنی بات کا دفاع
اسٹیج اداکارہ روبی انعم نے سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سے متعلق چند دن قبل کہی گئی اپنی بات کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں 75 فیصد لوگوں نے فون کرکے کہا کہ انہوں نے درست بات کہی۔
روبی انعم نے چند دن قبل ایک پوڈکاسٹ میں بشریٰ انصاری سے متعلق نامناسب بات کہی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
روبی انعم نے کہا تھا کہ بشریٰ انصاری ان کی پسندیدہ ہیں، وہ انہیں بہت پسند کرتی ہیں لیکن اگر وہ یہ کہیں تو یہ جھوٹ نہیں ہوگا کہ اس عمر میں انہیں آرام کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ بشریٰ کے ولاگز ان پر سوٹ نہیں کرتے اور انہیں اللہ سے ڈرنا چاہیے کہ وہ اس عمر میں کام کر رہی ہیں، کیونکہ وہ ہماری ماؤں سے بھی بڑی ہیں۔
ان کے بیان پر بشریٰ انصاری نے واضح انداز میں تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم اب ایک بار پھر روبی انعم نے ہی بیان دے دیا۔
روبی انعم نے اپنے نئے بیان میں بشریٰ انصاری کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں ان افراد نے بھی فون کیے جو کہ سینئر اداکارہ کے مداح ہیں اور تمام افراد نے انہیں کہا کہ آپ نے صحیح بات کی۔
اداکارہ کے مطابق انہیں فون کالز کرکے درست قرار دینے والے افراد میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں جو کہ پہلے بشریٰ انصاری کی حمایت میں بات کرتی رہی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ منافقت سے کام نہیں لے سکتیں، انہوں نے جو کہا وہ سچ کہا، وہ کوئی غلط بات نہیں کریں گی۔
روبی انعم نے یہ بھی کہا کہ ان کی بات پر بہت سارے لوگوں کا ان پر اعتماد بڑھا اور وہ لوگوں کا اعتماد نہیں توڑ سکتیں اور یہ کہ وہ محبت کرنے والے افراد کی مشکور ہیں۔