لائف اسٹائل

اسٹیج اداکارہ ثمر رانا نابالغ بچی کے گینگ ریپ میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار

ثمر رانا اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے علاوہ ڈانس بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں اور ان کے خلاف پہلے بھی پولیس متعدد الزامات کے تحت کارروائیاں کر چکی ہے۔

اسٹیج اداکارہ و ڈانسر ثمر رانا کو 14 سالہ ملازمہ پر تشدد، استحصال اور ملازمہ کے گینگ ریپ کی سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

ثمر رانا اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے علاوہ ڈانس بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں اور ان کے خلاف پہلے بھی پولیس متعدد الزامات کے تحت کارروائیاں کر چکی ہے۔

ثمر رانا کو 2022 میں لاہور میں فراڈ کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، اس وقت لاہور ہائی کورٹ نے ان کی بھی ضمانت منسوخ کرلی تھی، تاہم بعد ازاں وہ ضمانت پر رہا ہوگئی تھیں۔

اس وقت ثمر رانا پر ایک شہری سے جائیداد کے سودے میں 26 لاکھ روپے کا فراڈ کرنے کا الزام عائد کیا گی اتھا، انہوں نے مبینہ طور پر رقم وصول کرنے کے باوجود گھر خالی کرنے سے انکار کیا تھا۔

ثمر رانا کے خلاف فراڈ کیس کے علاوہ بھی دیگر کیسز سامنے آتے رہے ہیں اور مبینہ طور پر ان کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج ہو چکے ہیں۔

اب تازہ واقعے میں انہیں اپنی گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے کے علاوہ ان کے ساتھ گینگ ریپ کی سہولت کاری کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

نجی ویب سائٹ کے مطابق لاہور پولیس نے ثمر رانا کو 14 سالہ ملازمہ پر تشدد اور ان کے استحصال سمیت ان کے ساتھ گینگ ریپ کی سہولت کاری کے الزامات میں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ کے گھر پر پانچ نامعلوم افراد نے ان کا ریپ کیا جبکہ ثمر رانا نے انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

نواب ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے اداکارہ کو حراست میں لے لیا، جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں شروع کردی گئیں۔