عروسہ صدیقی کے ہاں 7 سال بعد دوسرے بچے کی پیدائش
مقبول اداکارہ عروسہ صدیقی نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے سات سال بعد دوسرے بچے کی پیدائش کا اعلان ڈیڑھ ماہ کی تاخیر سے کردیا۔
عروسہ صدیقی نے حال ہی میں یوٹیوب پر ولاگ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے اسکرین اور سوشل میڈیا سے دور رہیں تو مداحوں نے انہیں پیغامات بھیجنا شروع کیے اور ان کی غیر موجودگی کے حوالے سے پریشان بھی رہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ مکمل منصوبہ بندی سے اسکرین سے دور رہیں، ان کے ہاں دوسرا حمل ٹھہرتے ہی انہوں نے اسکرین اور سوشل میڈیا سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا۔
عروسہ صدیقی کے مطابق اہل خانہ، ان کے سات سالہ بیٹے اور مداحوں کی دعاؤں سے ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے ڈیڑھ ماہ قبل بچے کو جنم دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سات سال قبل بچے کو جنم دینا انتہائی آسان تھا لیکن اس بار بھی انہیں زیادہ مشکلات اور تکالیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم اس بار انہوں نے تھوڑی سی تکلیف برداشت کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ہاں سیزر آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی اور اب ڈیڑھ ماہ بعد وہ باالکل ٹھیک ہوچکی ہیں، جس کے بعد ہی انہوں نے دوبارہ ولاگنگ شروع کردی۔
عروسہ صدیقی نے ولاگ میں اپنے بے بی بمپ اور بچے کو جنم دینے کے بعد ہسپتال میں بنوائی گئی تصاویر بھی دکھائیں اور ساتھ ہی نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔