برطانیہ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک، ایک زخمی
برطانیہ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا، حادثہ برطانوی جزیرے آئل آف ویٹ ایک کھیت میں پیش آیا۔
ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت 4 افراد سوار تھے، حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو دوسرے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ (اے اے آئی بی) نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ہیلی کاپٹر گرنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی۔
عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے ہوا میں ہیلی کاپٹر کو قلابازیاں کھاتے ہوئے دیکھا تھا جو اچانک سے نیچے گرکر تباہ ہوگیا۔
آئل آف وائٹ ایسٹ کے رکنِ پارلیمنٹ جو رابرٹسن نے اس واقعے کو ایک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری کمیونٹی شدید صدمے میں ہے۔
لندن پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ آئل آف وائٹ میں آج صبح ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے اور ایک شخص اس وقت ہسپتال میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ وہ واقعے سے متعلق فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، تاہم ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔