ناقدین ڈراما دیکھے بغیر زائد العمری کا طعنہ دینا شروع کر دیتے ہیں، فیصل قریشی
اداکار فیصل قریشی نے ہم ٹی وی کے ڈراما ’راجا رانی‘ کے حوالے سے کہا کہ ناقدین نے ڈراما دیکھے بغیر ہی عمر کی وجہ سے تنقید شروع کردی۔
فیصل قریشی اِن دنوں ہم ٹی وی کے ڈراما سیریل ’راجا رانی‘ میں نئی اداکارہ حنا آفریدی کے ہمراہ نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے ڈرامے میں ایک ایسا کردار نبھایا ہے جو ایک حادثے کے بعد پیدا ہونے والی ذہنی بیماری سے وسط عمر کے ایک کاروباری شخصیت میں تبدیل ہوتا ہے۔
جہاں فیصل قریشی کی اداکاری کی تعریف کی جا رہی ہے، وہیں ڈرامے کے آغاز پر ان کی عمر کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا اور کہا گیا کہ اداکار کے مقابلے میں حنا آفریدی کم عمر ہیں۔
اداکار نے ’دی کرنٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ڈراما کے آغاز میں ہر کسی نے عمر پر تنقید شروع کر دی، لیکن جیسے جیسے اس کی اقساط آگے بڑھیں تو تنقید بھی کم ہوتی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ناقدین کو لگتا ہے کہ ہدایت کار اور پروڈیوسر پاگل ہیں جنہیں نہیں معلوم کہ کیسے کام کرنا ہے اور کسی کا بھی ڈراما آرہا ہو، وہ ڈراما دیکھے بغیر اس پر تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
فیصل قریشی کے مطابق آج کل یہ نیا ٹرینڈ بن گیا ہے کہ ایک طرف عمر اور جسامت پر تنقید کی جاتی ہے جب کہ دوسری طرف لمبے لمبے لیکچر دیے جاتے ہیں کہ کسی کی رنگت، جسامت یا قد پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ یہ کون سے لوٹے ہیں جو کہیں بھی لڑھک جاتے ہیں۔