دنیا

امریکی ٹیرف: 25 ممالک نے امریکا کیلئے پارسل سروس معطل کر دیں

یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک یہ واضح نہ ہو جائے کہ امریکی حکام ان اقدامات کو کس طرح نافذ کریں گے، یونیورسل پوسٹل یونین

25 ممالک نے امریکا کو پارسل بھیجنے کی خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا، کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ محصولات کے اثرات پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ کے آخر میں کہا تھا کہ وہ 29 اگست سے امریکا میں داخل ہونے والے چھوٹے پارسلز پر ٹیکس چھوٹ ختم ہو جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اس فیصلے کے بعد کئی ممالک کی ڈاک خدمات، جن میں فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان شامل ہیں، نے اعلان کیا کہ زیادہ تر امریکا جانے والے پارسل اب قبول نہیں کیے جائیں گے۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) نے بتایا کہ اسے 25 رکن ممالک نے اطلاع دی ہے کہ ان کے ڈاک آپریٹرز نے ’امریکا جانے والی ڈاک خدمات معطل کر دی ہیں کیونکہ ٹرانزٹ خدمات سے متعلق غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔

ادارے نے کہا کہ یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک یہ واضح نہ ہو جائے کہ امریکی حکام ان اقدامات کو کس طرح نافذ کریں گے، تاہم یونیورسل پوسٹل یونین نے ان ڈاک خدمات کی فہرست فراہم نہیں کی جن سے انہیں اطلاع ملی ہے۔

واضح رہے کہ 1874 میں قائم ہونے والے ادارے کے 192 رکن ممالک ہیں، جس نے خبردار کیا کہ امریکا کے یہ نئے اقدامات دنیا بھر میں ڈاک آپریٹرز کے لیے ’نمایاں عملی تبدیلیوں‘ کا باعث ہوں گے۔