پہلی بار بھوٹان میں فیشن ویک کے انعقاد کا اعلان
جنوبی ایشیائی ملک بھوٹان کی تاریخ کے پہلے فیشن ویک کے انعقاد کا اعلان کردیا گیا، ملکی تاریخ کا پہلا فیشن شو رواں برس 27 اکتوبر سے 1 نومبر 2025 تک جاری رہے گا۔
بھوٹان براڈ کاسٹنگ کے مطابق پہلی بار ملکی تاریخ کو فیشن کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس کے لیے پوری قوم پرجوش ہے۔
مذکورہ فیشن ویک بھوٹان کے سرکاری محکمہ میڈیا، فنون لطیفہ سے وابستہ افراد اور انٹیلیکچوئل پراپرٹی کے زیر اہتمام شاہی ٹیکسٹائل اکیڈمی کے تعاون سے منعقد ہوگا، جو بھوٹانی ٹیکسٹائلز، ڈیزائن اور تخلیقی صلاحیتوں کو نئی جہتوں سے اجاگر کرے گا۔
فیشن ویک کی ویب سائٹ کے مطابق تقریب میں ہاتھوں کے بنائے ہوئے لومز، خاکوں اور سوئیوں کے پیچھے کام کرنے والے بھوٹانی فنکاروں کو اکٹھا کیا جائے گا، جو نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ دنیا بھر کے عالمی ناموں اور برانڈز کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
اب تک ویب سائٹ پر 11 ڈیزائنرز کی فہرست شامل کی گئی ہے، تاہم تقریب کا شیڈول ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔
فیشن شو کے ڈائریکٹر کیلی ڈورجی کے مطابق مذکورہ فیشن ویک ماضی، حال اور مستقبل کا سفر ہوگی، جس میں بھوٹان کے سب سے باصلاحیت ڈیزائنرز کو عالمی سطح پر اپنے ڈیزائنز دکھانے اور ان کی مارکیٹنگ کرنے کا موقع ملے گا۔
کیلی ڈورجی نے مزید کہا کہ فیشن ویک بھوٹان کے لیے ایک چھوٹا قدم ہے لیکن ملک کی معمولی فیشن انڈسٹری کے لیے ایک بڑی چھلانگ ہوگی۔
بھوٹان کا شمار ماحولیات کے حوالے سے دنیا کے بہترین ممالک میں ہوتا ہے، وہاں بادشاہت ہے جب کہ بھوٹان کی ثقافت اور لباس کو دنیا بھر میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔
پاکستان اور بھارت جیسے ممالک کے خطے میں موجود ہونے کے باوجود بھوٹان فیشن، شوبز اور ثقافتی انڈسٹری میں زیادہ بولڈ نہیں ہے، تاہم اب وہاں پہلے فیشن ویک کے انعقاد کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے سالوں میں وہاں شوبز اور فیشن انڈسٹری پنپنے لگے گی۔