لائف اسٹائل

ریکھا نے شادی کی تو میں بھی چوتھی شادی کرلوں گی، نشو بیگم

سعودی عرب جیسے ملک میں عورتوں کی دس دس شادیاں ہوجاتی ہیں، ایک طلاق کے بعد دوسری شادی کرلیتی ہیں، ہمارے ہاں نکاح کو مسئلہ بنا دیا گیا ہے، اداکارہ

ماضی کی مقبول فلمی اداکارہ نشو بیگم نے ایک بار زائد العمری میں اپنی شادی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اگر بھارتی اداکارہ ریکھا نے شادی کی تو وہ بھی چوتھی شادی کریں گی۔

نشو بیگم نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں چوتھی شادی سے متعلق بھی کھل کر گفتگو کی اور قسم کھا کر واضح کیا کہ انہوں نے تاحال چوتھی شادی نہیں کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جیسے ملک میں عورتوں کی دس دس شادیاں ہوجاتی ہیں، ایک طلاق کے بعد دوسری شادی کرلیتی ہیں لیکن ہمارے ہاں نکاح کو مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔

اداکارہ کے مطابق پاکستان کی بھی متعدد سینئر اداکاراؤں نے زائد العمری میں شادیاں کیں، جن میں بشریٰ انصاری، انجمن اور صائمہ احمد سمیت دوسری اداکارائیں شامل ہیں۔

نشو بیگم کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کو ان کی شادی سے کوئی اعتراض نہیں ہوگا، وہ ان کی چوتھی شادی پر خوش ہوں گے۔

انہوں نے ایک بار دعویٰ کیا کہ انہیں درجنوں افراد کی جانب سے شادی کی پیش کش کی جا چکی ہیں اور مسلسل ان کے پاس آفرز آتی رہتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ شادی کی پیش کش کو ٹھکرانے کے مزے کو انجوائے کر رہی ہیں اور ابھی ان کا چوتھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔

نشو بیگم نے مزید کہا کہ شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں، وہ کسی وقت بھی شادی کر سکتی ہیں، اگر بھارتی اداکارہ ریکھا نے شادی کی تو وہ بھی شادی کرلیں گی۔

اس سے قبل بھی نشو بیگم اپنی چوتھی شادی سے متعلق متعدد بار بات کر چکی ہیں اور یہ دعویٰ بھی کر چکی ہیں کہ ابھی تک انہیں شادی کی پیش کش ہوتی رہتی ہے۔

خیال رہے کہ نشو بیگم نے پہلی تین شادیاں کیں، ان کی پہلی شادی امام ربانی سے ہوئی، جن سے انہیں بیٹی صاحبہ ہے اور ان کی پہلی شادی محض ایک سال چلی تھی۔

انہوں نے دوسری شادی شاعر تسلیم فاضلی سے کی تھی جو بھارتی شاعر ندا فاضلی کے چھوٹے بھائی تھے لیکن ان کے شوہر محض 32 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

نشو بیگم نے تیسری شادی فلم ساز کاظم پاشا سے کی جو کہ ان کے شوہر کے انتقال تک قائم رہی، ان کے تیسرے شوہر بھی عارضہ قلب کے باعث چل بسے تھے، انہیں دوسرے شوہروں سے بھی بچے ہیں۔