لائف اسٹائل

’ابیر گلال‘ کا ٹریلر دوبارہ جاری، فلم 12 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان

’ابیر گلال‘ کو رواں برس 12 مئی کو ریلیز کیا جانا تھا لیکن اپریل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ اور کشیدگی کی وجہ سے فلم کی نمائش موخر کی گئی تھی۔

بھارتی فلم سازوں نے فواد خان اور وانی کپور کی رومانوی کامیڈی فلم ’ابیر گلال‘ کا ٹریلر دوبارہ جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ 12 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

’ابیر گلال‘ کو رواں برس 12 مئی کو ریلیز کیا جانا تھا لیکن اپریل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ اور کشیدگی کی وجہ سے فلم کی نمائش موخر کی گئی تھی۔

فلم کی ٹیم پر بھارتی سیاست دانوں اور عوام نے فواد خان کو نکالنے کا دباؤ بھی ڈالا تھا لیکن اب فلم کی ٹیم نے دوبارہ ٹریلر جاری کرتے ہوئے پوری کاسٹ اور کہانی کے ساتھ فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

پہلے بھی فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی وجہ سے فلم کے ٹریلر اور گانوں کو ڈیلیٹ کردیا گیا تھا اور اب فلم کی ٹیم نے فلم کے آفیشنل نام سے نئے اکاؤنٹس بنا کر فلم کا ٹریلر اور گانے ریلیز کردیے۔

فلم کے نام سے بنائے گئے آفیشل انسٹاگرام پر بھی ’ابیر گلال‘ کے ٹریلر اور گانوں کو شیئر کرتے ہوئے فلم کو آئندہ ماہ 12 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔

’ابیر گلال‘ کے ذریعے فواد خان تقریبا ایک دہائی بعد بھارتی فلموں میں واپسی کریں گے، مذکورہ فلم سے قبل 2015 میں وہ آخری بار ’اے دل ہے مشکل‘ فلم میں دکھائی دیے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اگرچہ تاحال کشیدگی جاری ہے، تاہم اس باوجود بھارتی فلم سازوں نے ’ابیر گلال‘ کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

ممکنہ طور پر فلم کو بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کیا جائےگا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے پاکستان میں بھی پیش کیا جائے گا۔

مذکورہ فلم سے قبل حال ہی میں ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کو بھی بھارت میں ریلیز نہیں کیا گیا تھا، تاہم اسے پاکستان میں پیش کیا گیا تھا۔

اسی طرح حال ہی میں عمران اشرف کی بھارتی پنجابی فلم کو بھی انڈیا میں ریلیز نہیں کیا گیا تھا لیکن اسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیش کیا گیا تھا۔

اب خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ کو بھی بھارت کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔