لائف اسٹائل

مارک زکربرگ نے انسٹاگرام متعارف کراکر خواتین کے لیے آسانی کردی، کومل عزیز خان

مکمل منصوبہ بندی کے تحت اداکاری شروع کی اور ساتھ ہی انسٹاگرام پر فالوورز بڑھانے کا کام بھی کیا، اداکارہ

اداکارہ، ماڈل و کاروباری شخصیت کومل عزیز خان نے کہا ہے کہ میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے انسٹاگرام متعارف کراکر خواتین کے لیے آسانی کردی، اب بہت ساری خواتین آن لائن کاروبار کر سکتی ہیں۔

کومل عزیز خان نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے مفید مشورے بھی دیے۔

اداکارہ نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ ملازمت کرنے کے دوران ہی سائیڈ میں اپنا چھوٹا سا کاروبار شروع کریں اور ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنے کام پر بھی وقت اور پیسہ لگاتی آئیں۔

ان کے مطابق کافی وقت تک چھوٹی سرمایہ کاری اور زیادہ وقت دینے کے بعد جب خواتین کو لگے کہ انہیں کاروبار سے معقول آمدنی ہو رہی ہے تو وہ اپنی ملازمت چھوڑ کر کاروبار پر مکمل توجہ دیں۔

انہوں نے ایک بار پھر بتایا کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی میں ہی منصوبہ بنالیا تھا کہ وہ آگے چل کر اپنا کاروبار کریں گی۔

ان کے مطابق انہوں نے کاروبار شروع کرنے کے لیے بڑی منصوبہ بندی کی، پلاننگ کےتحت ہی انہوں نے پہلے شہرت حاصل کرنے کے لیے اداکاری اور ماڈلنگ کی۔

کومل عزیز خان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم تھا کہ جب وہ مشہور ہوجائیں گی تو ان کا کاروبار بھی چل جائے گا، اس لیے انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت شوبز میں اپنا نام بنانے کے بعد ہی کاروبار شروع کیا۔

ان کے مطابق ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے انسٹاگرام کو بھی آگے بڑھایا اور ان کا مقصد وہاں فالوورز بڑھانا تھا تاکہ وہ اپنے کاروبار کی بہتر تشہیر کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کے فالوورز پانچ لاکھ ہوئے تو انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے کاروبار سے متعلق تشہیری کام شروع کردیا اور جب انہیں لگا کہ انہیں کاروبار سے معقول آمدنی ہو رہی ہے تو انہوں نے اداکاری سے بھی دوری اختیار کرلی۔

کومل عزیز خان کا کہنا تھا کہ انہیں انسٹاگرام سے کاروبار بڑھانے کو مدد ملی، آہستہ آہستہ کافی عرصے تک سرمایہ کاری اور وقت دینے کے بعد جب انہیں کاروبار سے آمدنی آنا شروع ہوئی تو ڈراموں سے کو انہوں نے سائیڈ پر رکھ دیا اور کاروبار پر مکمل توجہ دی۔

اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ آج کل اگرچہ بازاروں میں جاکر دکانیں نہیں کھول سکتیں لیکن وہ آن لائن کاروبار کر سکتی ہیں۔

اداکارہ نے انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ کے مالک مارک زکربرگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انسٹاگرام متعارف کراکر خواتین کے لیے آسانی پیدا کی۔

کومل عزیز خان کے مطابق انسٹاگرام پر بہت ساری خواتین آن لائن کاروبار کر رہی ہے اور جو خواتین کاروبار کرنا چاہتی ہیں، وہ انسٹاگرام کا استعمال کریں۔

انہوں نے مثال دی کہ انہوں نے اپنے کلاتھنگ برانڈ کی تشہیر کے دوران مہندی کا ڈیزائن کرنے والی چند لڑکیوں سے مل کر کام کیا، وہ لڑکیاں آن لائن کام کر رہی تھیں۔