لائف اسٹائل

روبی انعم کی بشریٰ انصاری سے متعلق بیان پر ایک بار پھر وضاحت اور معافی

شرارتی طبیعت ہے، شوخی میں کچھ کہہ دیا جو ریکارڈ ہوگیا، سینئرز سے ڈانٹ پڑنے کے بعد اپنے بیان پر شرمندہ ہوں، اداکارہ

اداکارہ روبی انعم نے سینئرز کی ڈانٹ اور سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کے بعد بشریٰ انصاری سے متعلق اپنے بیان پر دوبارہ وضاحت پیش کی اور معذرت کرلی۔

گزشتہ دنوں روبی انعم نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران بشریٰ انصاری کی عمر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

ان کے اس بیان کے بعد شوبز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جب کہ بشریٰ انصاری نے بھی اپنے ولاگ میں نام لیے بغیر اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ زبان کا غلط استعمال سب سے بری چیز ہے لیکن اگر زبان کو اچھے انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ سب سے میٹھی اور بہترین چیز ہے۔

اس کے بعد روبی انعم نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے وضاحت دی تھی کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا، تاہم اگر کسی کو ان کی بات بری لگی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔

اس وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کا مؤقف تھا کہ انہوں نے بشریٰ انصاری سے براہِ راست معافی نہیں مانگی۔

اب روبی انعم نے ایک اور ویڈیو میں تفصیلی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بیان پر سینئرز کی ڈانٹ کے بعد شرمندہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی بات سے کسی کو دکھ پہنچا ہے تو وہ دلی طور پر سب سے معافی مانگتی ہیں، خاص طور پر ان سینئرز سے جو ان سے محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے امّاں (امّاں ٹی وی کی میزبان)، خالد عباس دار اور محسن گلانی سے بھی معافی طلب کی۔

اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کل انٹرویوز کے دوران ایڈیٹنگ ساتھ ساتھ چلتی رہتی ہے اور چونکہ وہ شرارتی طبیعت کی مالک ہیں، اسی دوران ایک لمحے میں انہوں نے شوخی میں کچھ کہہ دیا جو ریکارڈ ہوگیا۔

ان کے مطابق پورے انٹرویو میں انہوں نے کسی کے بارے میں منفی بات نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسما عباس اور ان کے درمیان بے پناہ محبت اور عزت ہے اور وہ کبھی بھی ان کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔

روبی انعم کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کبھی کسی کو تکلیف دینا نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ دوسروں کو گرا کر کامیابی حاصل کرسکتی ہیں۔

روبی انعم نے آخر میں دعا کی کہ اللہ پاکستان کو موجودہ مشکل حالات، خصوصاً پنجاب میں سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل سے جلد نکالے۔