لائف اسٹائل

فرح خان نے اتفاقی طور پر نرگس فخری کی خفیہ شادی کی تصدیق کردی

نرگس فخری نے انتہائی خاموشی اور سادگی سے اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ سے امریکا میں شادی کی، جس کے بعد جوڑا ہنی مون کے لیے سوئٹزرلینڈ چلا گیا، بھارتی میڈیا

بولی وڈ فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے پاکستانی نژاد امریکی والد کی بیٹی اور بولی وڈ کی بولڈ اداکارہ نرگس فخری اور امریکی کاروباری شخصیت ٹونی بیگ کی خفیہ شادی کی اتفاقی طور پر تصدیق کر دی۔

حال ہی میں نرگس فخری نے ٹونی بیگ کے ہمراہ ممبئی میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں فرح خان بھی موجود تھیں۔

فرح خان اور نرگس فخری کیمرے کے سامنے پوز دے رہی تھیں، اسی دوران ٹونی بیگ بھی کیمرے کے سامنے آئے تو فرح خان نے انہیں مخاطب کر کے اپنی بیوی کے ساتھ کھڑا ہونے کا کہا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں نرگس فخری کو فرح خان کی بات پر مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

قبل ازیں فروری میں متعدد بھارتی ویب سائٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ نرگس فخری نے انتہائی نجی انداز میں اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ ٹونی بیگ سے امریکا میں شادی کی تھی، جس کے بعد جوڑا ہنی مون کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شادی کی تقریبات لاس اینجلس میں ہوئی اور جوڑے نے اس بات کا خاص خیال رکھا کہ کسی کو بھی شادی کی تصویر یا ویڈیوز دیکھنے کو نہ ملے۔

نرگس فخری اور ٹونی بیگ کے تعلقات 2022 سے ہیں اور نرگس فخری نے ماضی میں دیے گئے انٹرویوز میں اپنے تعلقات کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے ٹونی بیگ کا نام کبھی نہیں بتایا تھا۔

اب ایک بار پھر ان کی خفیہ شادی کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں اور فرح خان کے اظہار کے بعد انہیں مزید تقویت مل گئی ہے۔