پاکستان

جہلم: ماں، بیٹے اور بیٹی کی پراسرار موت، بستروں پر موجود لاشیں برآمد

تھانہ منگلا کی حدود گاؤں ارہاہ میں 32 سالہ حاجرہ اسحٰق بچوں سمیت مردہ پائی گئی، رشتہ دار نے پولیس کو اطلاع دی، مرنے والی خاتون کا شوہر غائب، موبائل بھی بند ہے، پولیس

جہلم کے تھانہ منگلا کی حدود میں واقع گاؤں ارہاہ میں ماں، بیٹی اور بیٹے کی لاشیں ان کے بستروں سے پراسرار حالات میں برآمد ہوئی ہیں۔

ایس ایچ او منگلا مدثر عباس کے مطابق متاثرہ خاندان کے ایک رشتہ دار نے پولیس کو اطلاع دی کہ 32 سالہ حاجرہ اسحٰق زوجہ سہیل محمود، ان کا 7 سالہ بیٹا قاسم محمود اور 5 سالہ بیٹی زینب محمود مردہ حالت میں پائے گئے۔

پولیس کے مطابق فرانزک ٹیم شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے، جس کے بعد لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جہلم منتقل کیا جائے گا۔

تحقیقاتی ٹیم کے رکن اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) جمیل نے ’ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی‘ کو بتایا کہ خاندان کے سربراہ سہیل محمود سے اب تک پولیس کا کوئی رابطہ نہیں ہوسکا اور اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔

ایس ایچ او مدثر عباس نے کہا کہ بظاہر اموات کی وجہ زہر خورانی لگتی ہے، تاہم اس افسوس ناک واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جائے گی تاکہ شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں اصل وجہ یا محرک سامنے لایا جا سکے۔