وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے سنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر صدر علییوف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ جنوبی قفقاز میں دیرپا امن اور استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں پر بات چیت کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جب کہ خطے میں رابطوں کے منصوبوں اور شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر آذربائیجان کے صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں آذربائیجان کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر علییوف کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔