سائرہ یوسف اور عدیل حسین کے درمیان تعلقات کی چہ مگوئیاں
اداکارہ سائرہ یوسف اور عدیل حسین کی ایک ساتھ پرانی تصاویر وائرل ہونے کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات کی چہ مگوئیاں ہیں۔
ماضی میں بھی دونوں مختلف مواقع پر ایک ساتھ دکھائی دیتے رہے ہیں اور دونوں سوشل میڈیا پر بھی ایک ساتھ تصاویر شیئر کرتے رہے ہیں۔
دونوں کے درمیان حال ہی میں تعلقات کی چہ مگوئیاں اس وقت ہوئیں جب کچھ دن قبل عدیل حسین نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کیں، جن میں سائرہ یوسف بھی ان کے ساتھ دکھائی دیں۔
تصاویر میں عدیل حسین کے ہمراہ اپنی بھتیجی بھی تھیں جب کہ انہوں نے تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے ذو معنی کیپشن دیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کو شک ہوا کہ انہوں نے کیپشن سائرہ یوسف کے لیے لکھا ہے۔
اداکار نے تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’وہ آپ کو اپنی زندگی کہنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں‘۔
ان کی تصاویر پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے قیاس آرائیاں کیں کہ عدیل حسین نے مذکورہ جملہ سائرہ یوسف کے لیے ہی لکھا۔
ان کی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بعض صارفین نے لکھا کہ وہ دونوں کے لیے بہت خوش ہیں۔
سائرہ یوسف اور عدیل حسین کی تصاویر وائرل ہوگئیں اور مختلف شوبز سوشل میڈیا پیجز نے بھی انہیں شیئر کیا، جہاں صارفین دونوں کے تعلقات کے حوالے سے مختلف دعوے کرتے دکھائی دیے۔
تعلقات کی چہ مگوئیاں وائرل ہونے پر تاحال دونوں اداکاروں نے کوئی بیان نہیں دیا۔
سائرہ یوسف کی پہلی شادی مارچ 2020 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی، انہوں نے 2012 میں اداکار شہروز سبزواری سے شادی کی تھی۔
سائرہ یوسف کو پہلے شوہر سے ایک بیٹی بھی ہے، ان کے سابق شوہر نے طلاق کے چند ماہ بعد ہی ماڈل صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔
اداکارہ طلاق کے بعد چند انٹرویوز میں دوسری شادی کا عندیہ بھی دے چکی ہیں، تاہم کبھی انہوں نے کھل کر کسی سے تعلقات کے حوالے سے بات نہیں کی۔