پنجاب: پنڈ دادن خان میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں کار چھیننے والے 2 ڈاکو ہلاک
پنجاب کے ضلع جہلم میں پنڈ دادن خان کے قریب ڈھوک وینس کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) سے مبینہ مقابلے میں کار چھیننے والے بین الاضلاعی گروہ کے 2 ڈاکو ہلاک، جب کہ ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔
سی سی ڈی کی ٹیم نے جہلم میں تھانہ پنڈ دادن خان کی حدود گول پور پل میں ناکہ بندی کے دوران مشکوک کار سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، اس دوران ملزمان نے گاڑیاں جنگل کی جانب بھگا دیں اور پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، اہلکاروں نے حکمت عملی سے اپنا بچاؤ کیا، ایک گولی کانسٹیبل کو لگی تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا، فائرنگ سے پولیس وین کو نقصان پہنچا۔
پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ مقابلے کے دوران ڈاکو اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پولیس پر فائرنگ کرتے رہے، ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو گئے، جنہیں پولیس نے پکڑ لیا، جب کہ ان کے باقی ساتھی جنگل کی طرف فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق زخمی ڈاکوؤں کی شناخت سعید احمد ولد اولس خان سکنہ مسکین آباد پشاور اور رحیم خان ولد شاد خان سکنہ گلبرگ پشاور کے طور پر ہوئی، دونوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادن خان منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
سی سی ڈی نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کے قبضے سے ہونڈا سوک کار برآمد ہوئی جو کہ 19 اگست کو للہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہائی وے پر ڈکیتی کے دوران چھینی گئی تھی، اور اس سلسلے میں مقدمہ بھی درج ہے، دونوں ملزمان مختلف تھانوں میں درج کئی مقدمات میں بھی مطلوب تھے، کاروں سے سرکاری نمبر پلیٹیں بھی ملی ہیں۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ان کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے جنگل میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔