کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے گلوکار جنگ کک کس دماغی عارضے میں مبتلا ہیں؟
کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے گلوکار جنگ کک نے اپنی صحت اور دماغی عارضے کے بارے میں کھل کر معلومات شیئر کردیں۔
دنیا بھر میں مقبول کورین میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس کے گلوکار جنگ کک نے اپنی 28 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کے ساتھ ایک خاص لائیو اسٹریم کا اہتمام کیا، جس دوران انہوں نے نہ صرف اپنے جذبات کا اظہار کیا بلکہ اپنی صحت کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔
جنگ کک نے سب سے پہلے اپنے والدین کا شکریہ ادا کیا کہ وہ انہیں اس دنیا میں لائے اور صحت مند پیدا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پوری کوشش کریں گے کہ اپنی زندگی کو مزید صحت مند انداز میں گزاریں۔
تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی سالگرہ کوئی خاص دن نہیں بلکہ بس وہ دن ہے جب وہ پیدا ہوئے تھے۔
لائیو اسٹریم کے دوران جنگ کک نے مداحوں کو خبردار کیا کہ کچھ اجنبی افراد بار بار ان کے گھر میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، براہ کرم ایسا نہ کریں۔
اس دوران مداحوں نے ان سے پوچھا کہ وہ لائیو اسٹریم کے دوران پرسکون کیوں نہیں بیٹھ پارہے، جس پر جنگ کک نے اپنی صحت کے مسئلے کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اے ڈی ایچ ڈی (توجہ کی کمی اور زیادہ سرگرمی کا عارضہ) ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی حرکت پر قابو نہیں پا سکتے اور پرسکون نہیں بیٹھ سکتے۔
اے ڈی ایچ ڈی یعنی توجہ کی کمی اور زیادہ سرگرمی کا عارضہ ایک دماغی حالت ہے جس میں متاثرہ شخص کو لمبے وقت تک توجہ برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے اور وہ زیادہ حرکت یا سرگرمی دکھاتا ہے، اس کی وجہ سے لوگ اکثر پرسکون نہیں بیٹھ پاتے اور فوری یا سوچے سمجھے بغیر عمل کر لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ بی ٹی ایس جنوبی کوریا کا عالمی شہرت یافتہ میوزیکل بینڈ ہے، جس کے مداح دنیا کے ہر حصے میں موجود ہیں، اس بینڈ میں جنگ کک کے علاوہ پارک جیمن، وی، شوگا، جن، آر ایم اور جنگ ہوسیوک شامل ہیں۔
رواں سال بی ٹی ایس کے تمام ارکان نے اپنی لازمی فوجی تربیت مکمل کر لی ہے اور بینڈ نے دوبارہ میوزیکل سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔