لائف اسٹائل

ہانیہ عامر کے بائیک پر ڈانس کو غلط نہیں کہہ سکتے، ڈکی بھائی نے غلط کار ڈرائیونگ کی، ژالے سرحدی

ممکن ہے کہ ہانیہ عامر نے بائیک پر ڈانس کرنے کی ویڈیو کسی شوٹنگ کے دوران بنائی ہو، اداکارہ

اداکارہ ژالے سرحدی نے کہا ہے کہ ہانیہ عامر کی جانب سے بائیک پر ڈانس کرنے کے معاملے کے مکمل بیک گراؤنڈ کا علم نہیں، ممکن ہے وہ کوئی شوٹنگ کروا رہی ہوں، اس لیے ان کے ڈانس کو غلط نہیں کہ سکتے، تاہم ڈکی بھائی نے غلط انداز میں جان بوجھ کر کار ڈرائیونگ کی۔

چند ہفتے قبل ہانیہ عامر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں اپنے مرد دوست کے ساتھ بائیک پر سواری کرنے کے دوران ڈانس کرتے دیکھا گیا تھا۔

ویڈیو کو ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا، جس میں انہیں بائیک کے پیچھے کھڑے ہوکر ڈانس کرتے دیکھا گیا تھا۔

اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر اس وقت بھی سوشل میڈیا نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ کچھ دن قبل نادیہ حسین نے بھی کہا تھا کہ اگر ہانیہ عامر بیرون ملک یہی حرکت کرتیں تو ان پر جرمانہ ہوتا۔

اسی طرح ڈکی بھائی پر بھی اپریل 2025 میں موٹر وے پولیس نے دروان ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا۔

یوٹیوبر کو سوتے ہوئے گاڑی کے اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر انہیں گاڑی چلاتے دیکھا گیا تھا۔

اب اسی معاملے پر ژالے سرحدی نے ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈکی بھائی پہلے بھی کئی اسٹنٹ کرتے رہے ہیں، وہ جان بوجھ کر غلط کام کرتے رہے ہیں۔

ژالے سرحدی کا کہنا تھا کہ ڈکی بھائی کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، وہ اس وقت بھی متعدد کیسز میں گرفتار ہیں، ان پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں یا صحیح، اس کا فیصلہ عدالتیں کریں گی لیکن انہیں بطور انفلوئنسر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

اداکارہ نے ڈکی بھائی کی جانب سے کار ڈرائیونگ کے اسٹنٹ کو غلط قرار دیا، تاہم انہوں نے ہانیہ عامر کے بائیک پر ڈانس کے حوالے سے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بطور اداکارہ ہانیہ عامر کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، انہیں لاکھوں لوگ فالو کرتے ہیں، اس لیے وہ ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھائیں۔

ان کے مطابق ہانیہ عامر اداکارہ ہیں، ممکن ہے کہ بائیک پر ڈانس کرنے کی ویڈیو انہوں نے اپنی کسی شوٹنگ کے دوران بنائی ہو۔

ژالے سرحدی کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر کے بائیک ڈانس سے متعلق کوئی چیز واضح نہیں ہے کہ وہ شوٹنگ کا حصہ تھی یا نہیں؟ اس لیے ان کے عمل کو غلط نہیں کہا جا سکتا، تاہم انہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔