رات گئے قبرستان کیوں جاتے ہیں؟ ساحر لودھی نے حقیقت بتادی
میزبان و اداکار ساحر لودھی نے بتایا ہے کہ وہ اکثر رات گئے قبرستان جاتے ہیں اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہاں انہیں روحانی سکون ملتا ہے۔
ساحر لودھی نے حال ہی میں پروگرام ’میٹاٹینمنٹ‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے کچھ اہم اور انوکھے پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اکثر ملیر کینٹ کے قبرستان جاتے ہیں کیونکہ وہاں انہیں روحانی سکون ملتا ہے، ان کے 32 سال پرانے ایک قریبی دوست کی قبر بھی وہیں ہے، وہ دوست کے جنازے میں شریک ہوئے اور خود انہیں قبر میں اتارنے والوں میں شامل تھے۔
ساحر لودھی نے بتایا اکثر رات کو دو سے چار بجے کے درمیان قبرستان جاتے ہیں تاکہ اپنے دوست کی قبر پر فاتحہ پڑھ سکیں، اس عمل سے انہیں بے حد سکون ملتا ہے۔
ان کے مطابق جب کسی کے ساتھ اتنی پرانی دوستی ہو اور وہ دنیا سے چلا جائے تو دکھ بہت زیادہ ہوتا ہے، دوست کی تصویر بھی ان کے کمرے میں موجود ہے۔
ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ انہیں قبرستان سے کبھی خوف محسوس نہیں ہوا، بلکہ ان کے خیال میں اصل خوف زندہ انسانوں سے ہوتا ہے کیونکہ نقصان وہی پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں بھوت یا جنات سے بھی کوئی ڈر نہیں لگتا کیونکہ انسان ایک دوسرے کو جتنی تکلیف دیتا ہے، اتنی شاید کوئی بھوت بھی نہ دے، جیسے مہنگائی، ٹیکس اور نظام کی خرابیاں ہی اصل بھوت ہیں۔
اپنی مصروف زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دن بھر مختلف کاموں میں مصروف رہتے ہیں، اسی لیے قبرستان جانے کا وقت انہیں صرف رات کو ہی ملتا ہے، وہ اپنی زندگی کو منظم طریقے سے گزارتے ہیں اور اس قدر پلاننگ کرتے ہیں کہ دو ماہ بعد کا شیڈول بھی ان کے پاس تیار ہوتا ہے۔