نائیجیریا میں کشتی ڈوبنے سے 60افراد جاں بحق، درجنوں کو بچالیا گیا، 10 کی حالت تشویشناک
نائیجیریا میں کشتی الٹنے سے کم از کم 60 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ درجنوں کو بچا لیا گیا، مقامی حکام کے مطابق حادثہ ریاست نائیجر کے شمالی وسطی حصے میں پیش آیا، متاثرہ کشتی میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ کشتی منگل کی صبح ضلع مالالے کے گاؤں تونگان سُولے سے روانہ ہوئی تھی اور ایک تعزیتی دورے کے لیے دُگّا جا رہی تھی ، لیکن گاوساوا کمیونٹی کے قریب پانی میں ڈوبے ہوئے ایک درخت سے ٹکرا گئی۔
بورگو لوکل گورنمنٹ ایریا کے چیئرمین عبداللہ بابا آرا نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، ان کے مطابق اب تک 60 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ کئی افراد لاپتہ ہیں اور 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
شگومی کے ضلعی سربراہ سعدو انووا محمد نے بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پیش آیا، وہ دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک جائے وقوعہ پر موجود رہے اور اس دوران 31 لاشیں نکالی گئیں، ان کے مطابق 4 لاشوں کی تدفین اسلامی رسومات کے مطابق منگل ہی کے روز کر دی گئی، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔
نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ امدادی عملہ اور مقامی غوطہ خور لاپتہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں، ایجنسی کے مطابق اب تک 29 ہلاکتوں اور 50 افراد کو زندہ بچانے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔
حکام نے کہا کہ کشتی حد سے زیادہ مسافروں سے بھری ہوئی تھی اور درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی، نائیجیریا میں بالخصوص برسات کے موسم میں کشتیوں کے حادثات عام ہیں، جہاں حفاظت کے ضوابط پر عمل درآمد کمزور ہے، کشتیاں زیادہ بوجھ لاد کر چلائی جاتی ہیں اور اکثر پرانی و خستہ کشتیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔