لائف اسٹائل

محبت زندگی میں بار بار ممکن ہے، اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں، توثیق حیدر

محبت ایک ایسا جذبہ ہے جو کم بھی ہوسکتا ہے اور وقت کے ساتھ کبھی معدوم بھی ہو جاتا ہے، سینئر اداکار

سینئر اداکار توثیق حیدر نے کہا ہے کہ محبت ایسا جذبہ ہے جو زندگی میں بار بار ہوسکتا ہے اور اس میں شرمندگی محسوس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

توثیق حیدر نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور وہیں خدمات انجام دیں، حال ہی میں انہوں نے دوبارہ اداکاری کا آغاز کیا ہے اور وہ ڈراما سیریلز ’کبھی میں کبھی تم‘، ’میم سے محبت‘ اور ’دنیا پور‘ میں نظر آئے ہیں۔

حال ہی میں توثیق حیدر نے پروگرام ’سنو تو سہی‘ میں شرکت کے دوران زندگی اور محبت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک انسان کی زندگی بالکل پیاز کی طرح ہے، جس میں غم اور مایوسی کی تہیں بھی ہوتی ہیں اور خوشی و سکون کی تہیں بھی، انسان کو اپنی تربیت کرنی چاہیے کہ وہ خوشی پر توجہ دے اور یہی وہ خود بھی کرتے ہیں۔

محبت کے موضوع پر بات کرتے ہوئے توثیق حیدر نے کہا کہ محبت صرف ایک بار نہیں بلکہ زندگی میں کئی بار ممکن ہے، کوئی بھی شخص دوبارہ اور بار بار محبت میں مبتلا ہو سکتا ہے اور اس میں شرمندہ ہونے کی کوئی بات نہیں۔

ان کے مطابق محبت ایک ایسا جذبہ ہے جو کم بھی ہوسکتا ہے اور وقت کے ساتھ کبھی معدوم بھی ہو جاتا ہے لیکن محبت میں کسی کو دھوکہ دینا بالکل درست نہیں ہے۔

اداکار نے اپنی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں دو بار محبت ہوئی، تاہم محبت کے جانے کا انہیں کوئی غم نہیں کیونکہ ضروری نہیں کہ ہر محبت کا انجام خوشگوار ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ محبت ایک ایسا واقعہ ہے جو کسی نہ کسی موقع پر ہر انسان کی زندگی میں ضرور رونما ہونا چاہیے، لیکن یہ جذبہ ہمیشہ کے لیے انسان کو اندر سے بدل دیتا ہے۔