لائف اسٹائل

حسن زاہد جیل سے رہا ہونے کے بعد مجھ سے بدلہ لیں گے، سامعہ حجاب

سامعہ حجاب نے یکم ستمبر کو انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حسن زاہد نامی شخص نے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی، ان پر تشدد کیا، انہیں قتل کی دھمکیاں دیں۔

ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر انہیں ہراساں کرنے، قتل کی دھمکیاں دینے اور بلیک میل کرنے والے شخص حسن زاہد کو مناسب سزا نہ ملی اور وہ جیل سے رہا ہوکر آگئے تو وہ ان سے بدلہ ضرور لیں گے۔

سامعہ حجاب نے یکم ستمبر کو انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حسن زاہد نامی شخص نے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی، ان پر تشدد کیا، انہیں قتل کی دھمکیاں دیں۔

ان کی ویڈیو کے بعد اسلام آباد پولیس نے حسن زاہد کو گرفتار کرلیا تھا اور اب وہ جسمانی ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور انہوں نے سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔

بعد ازاں سامعہ حجاب نے ویڈیوز میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے حسن زاہد سے تعلقات تھے اور دونوں شادی کے بھی خواہش مند تھے لیکن ملزم کا رویہ خراب تھا، وہ انہیں دھمکانے لگا، جس کے بعد انہوں نے ان سے کنارہ کشی اختیار کی۔

اب انہوں نے ایک انٹرویو میں یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر انہیں ہراساں کرنے والے شخص کو قانونی طور پر درست سزا نہ ملی تو وہ جیل سے باہر آکر ان سے بدلہ لیں گے۔

سامعہ حجاب نے ’جیو ڈیجیٹل‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے ایک بار پھر حسن زاہد سے اپنے تعلقات پر بھی کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ حسن زاہد اور ان کے درمیان کچھ عرصے سے تعلقات تھے، ملزم نے انہیں شادی کی پیش کش کی اور انہیں سونے کی انگوٹھی بھی دی، جس پر وہ بھی رضامند تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کے بعد انہوں نے اپنی سہیلیوں سمیت حسن زاہد سے بھی ملنا کم کردیا تھا، کیوں کہ ثنا یوسف ان کی اچھی دوست تھیں اور ان کے قتل نے انہیں ڈرا دیا تھا۔

سامعہ حجاب کے مطابق ان کی جانب سے ملنا جلنا کم ہونے پر حسن زاہد کو شک ہوا کہ وہ ان سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہیں، جس پر ان کے درمیان تعلقات خراب ہونے لگے اور آئے دن حسن زاہد کا رویہ خراب ہوتا گیا۔

انہوں نے حسن زاہد کی جانب سے بدترین جسمانی تشدد کیے جانے کے انکشافات بھی کیے اور بتایا کہ ایک بار لاہور سے اسلام آباد آتے ہوئے پورے راستے میں گاڑی میں حسن زاہد ان پر تشدد کرتے آئے، انہیں تھپڑیں مارتے رہے۔

ان کے مطابق حسن زاہد نے ان کی بیمار والدہ کو بھی دھمکی دی کہ اگر ان کی بیٹی جلد شادی کے لیے رضامند نہ ہوئی تو وہ ان کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔

انٹرویو کے دوران سامعہ حجاب نے اپنی والدہ پر بھی والد کی جانب سے تشدد کے انکشافات کیے اور بتایا کہ ان کی والدہ نے زندگی پر عذاب برداشت کیا، چند سال قبل ہی ان کے والدین میں علیحدگی ہوئی ہے۔

سامعہ حجاب کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف منظم منفی پروپیگنڈا چلایا جا رہا ہے، ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، انہوں نے پیسوں کی خاطر حسن زاہد سے تعلقات استوار کیے، نہ توڑے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر حسن زاہد کو مناسب سزا نہ ملی اور وہ جیل سے رہا ہوکر آگئے تو وہ ان سے ضرور بدلہ لیں گے۔

ٹک ٹاکر کے مطابق حسن زاہد 6 ماہ بعد یا ڈھائی سال بعد جیل سے رہا ہونے کے بعد ان سے بدلہ ضرور لیں گے۔