علی حیدر کا 20 کروڑ کے باوجود گانے سے انکار، چاہت فتح علی خان کا دلچسپ ردعمل
کامیڈین گلوکار و آرٹسٹ چاہت فتح علی خان نے علی حیدر کے 20 کروڑ کے باوجود ڈوئٹ نہ کرنے کے بیان پر طنزیہ اور دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ غریب آدمی ہیں اور اتنی بڑی رقم دینا ممکن نہیں۔
چاہت فتح علی خان اپنی ویڈیوز اور گانوں کو مزاحیہ انداز میں گانے کی وجہ سے مقبول ہیں، ان کے مداح نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دنیا بھر میں موجود ہیں۔
اگرچہ انہیں معروف گانوں کی نقل بے ڈھنگے انداز میں کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم اس کے باوجود ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں چاہت فتح علی خان نے ’ٹی ٹاک پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
قبل ازیں ایک انٹرویو میں وہ خود کو برصغیر کا سب سے بڑا گلوکار قرار دے چکے ہیں۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گانے خود لکھتے ہیں، موسیقی خود ترتیب دیتے ہیں، ویڈیوز خود بناتے ہیں، ماڈلز کے ساتھ کام کرتے ہیں اور ویڈیوز بھی خود ہی ریلیز کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ خود کو سب سے بڑا گلوکار سمجھتے ہیں۔
رواں سال کے آغاز میں متھیرا کے ساتھ ان کی کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں انہیں نامناسب حرکات کرتے دیکھا گیا تھا۔
اس پر متھیرا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ ویڈیوز ان کی اجازت کے بغیر بنائی گئیں، تاہم چاہت فتح علی خان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ متھیرا کے شو کو چھ ماہ سے مقبولیت نہیں مل رہی تھی، لیکن جیسے ہی وہ شو پر گئے، پروگرام ہٹ ہوگیا اور اس کی ریٹنگز بہتر ہو گئیں۔
گلوکار نے مزید بتایا کہ انہیں اکثر لڑکیوں کی طرف سے شادی کی پیشکش ہوتی رہتی ہے، جب وہ فیس بک یا ٹوئٹر پر لائیو آتے ہیں تو خوبصورت لڑکیاں شادی کی خواہش ظاہر کرتی ہیں، لیکن وہ معذرت کر لیتے ہیں۔
قبل ازیں ایک انٹرویو میں علی حیدر سے میزبان نے سوال کیا تھا کہ اگر انہیں 20 کروڑ روپے دیے جائیں تو کیا وہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ گانا گانے پر راضی ہوں گے؟ اس پر علی حیدر نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چاہت کو اپنی زندگی جینے دیں، یہ اس کا وقت ہے اور شاید اللہ نے اس کی کوئی بڑی دعا قبول کی ہے، اس لیے ان کے اور اللہ کے درمیان مت آئیں۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے کہا کہ علی حیدر چھوٹے قد والے گلوکار ہیں جو کراچی سے امریکا شفٹ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر 20 کروڑ دینے کے باوجود وہ ان کے ساتھ نہیں گائیں گے تو کوئی بات نہیں، وہ تو خود ایک غریب آدمی ہیں اور اتنی بڑی رقم دینے کی استطاعت ہی نہیں رکھتے، البتہ وہ جلد امریکا جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔