لائف اسٹائل

’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں استاد اور طالب علم کے رومانس پر تنقید، خلیل الرحمٰن قمر کا مؤقف سامنے آگیا

’میں منٹو نہیں ہوں‘ کو جہاں پذیرائی مل رہی ہے وہیں اس میں استاد اور طالب علم کے درمیان رومانوی تعلق دکھانے پر کافی تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں استاد اور طالب علم کے درمیان رومانس دکھانے پر تنقید کے جواب میں ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے اپنا مؤقف پیش کر دیا۔

ڈراما سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ اس وقت ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہا ہے، ڈرامے کے تمام کردار نمایاں ہیں، ہر قسط کے بعد سوشل میڈیا پر اس ڈرامے پر کافی گفتگو کی جاتی ہے اور اس کی ریٹنگز بھی اچھی آ رہی ہیں۔

ڈرامے کو اس کی کاسٹ اور خلیل الرحمٰن قمر کی لکھی گئی تحریر کی وجہ سے کافی پذیرائی مل رہی ہے، تاہم اس پر کچھ تنقید بھی سامنے آرہی ہے، خاص طور پر ناظرین استاد اور طالب علم کے درمیان رومانوی تعلق دکھانے پر تنقید کر رہے ہیں۔

حال ہی میں خلیل الرحمٰن قمر نے سینئر صحافی و یوٹیوبر عنبرین فاطمہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں استاد اور طالب علم کے درمیان رومانوی تعلق دکھانے پر اپنا مؤقف پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف ڈرامے میں ایک فرضی رشتہ تخلیق کر رہے ہیں، جب کہ معاشرے میں اس سے زیادہ معاملات سوشل میڈیا پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔

ان کے مطابق حقیقت میں بعض شادی شدہ اساتذہ اپنے شاگردوں سے شادی کر لیتے ہیں، جب کہ اس ڈرامے میں تو منٹو کو ایک غیر شادی شدہ پروفیسر کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ ناقدین پہلے ہی فیصلہ کر لیتے ہیں کہ انہیں غلطی نکالنی ہے، وہ اسکرپٹ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے، لیکن ہر کسی کو اپنی رائے دینے کا بھی پورا حق حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناقدین کو انتظار کرنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ ڈرامے میں آگے کیا ہوتا ہے۔

قبل ازیں سجل علی، ہمایوں سعید اور ندیم بیگ نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک معاشرتی حقیقت ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ منٹو اور مہمل کے رشتے کے بارے میں قیاس آرائیاں قبل از وقت ہوسکتی ہیں کیونکہ کہانی ابھی جاری ہے۔

ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں استاد اور طالب علم کے رومانس پر تنقید، ہمایوں سعید کا مؤقف سامنے آگیا

ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں سجل علی اور ہمایوں سعید کے درمیان کیا تعلق ہے؟ اداکارہ نے واضح کر دیا

ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں سجل و ہمایوں کی جوڑی پر اعتراض؟ ندیم بیگ کا مؤقف سامنے آ گیا