بلال مقصود کی والد انور مقصود کو دلچسپ انداز میں 86ویں سالگرہ کی مبارکباد
معروف گلوکار، موسیقار اور نغمہ نگار بلال مقصود نے اپنے والد و لیجنڈری مصنف، ڈراما نگار اور مزاح نگار انور مقصود کو دلچسپ انداز میں 86 ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
بلال مقصود نے انسٹاگرام پر والد کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں انور مقصود نے پیلے رنگ کی مصنوعی بالوں کی وگ پہنی ہوئی تھی اور پس منظر میں سفید غبارے نظر آ رہے تھے۔
سالگرہ کی پوسٹ کے کیپشن میں بلال مقصود نے لکھا کہ سالگرہ مبارک میرے دوست۔
ان کی اس پوسٹ پر کئی پاکستانی فنکاروں نے بھی انور مقصود کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔
انور مقصود مشہور پاکستانی ٹی وی شوز جیسے لوز ٹاک، ستارہ اور مہرالنسا اور شو ٹائم کے لیے جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے مقبول شوز ففٹی-ففٹی اور آنگن ٹیرھا کے لیے بھی اسکرپٹ لکھے اور پروگرامز جیسے اسٹوڈیو ڈھائی اور اسٹوڈیو پونے تین پیش کیے۔
انور مقصود کے مداحوں میں ان کے بیٹے بلال مقصود بھی شامل ہیں، جو اکثر سوشل میڈیا پر والد کے ساتھ دل کو چھو لینے والے لمحات اور گفتگو شیئر کرتے رہتے ہیں۔
بلال مقصود نے ایک بار بتایا تھا کہ ان کے کئی گیت ان کے والد نے لکھے ہیں۔