دنیا

پہلی بار ویٹی کن سٹی میں ایل جی بی ٹی کیو افراد کی سرکاری سطح پر عبادت

دنیا کے 20 ممالک سے آنے والے 1400 ایل جی بی ٹی کیو افراد اور ان کے اہل خانہ نے پہلی بار ویٹی کن میں اجتماعی عبادت کی۔

پہلی بار آفیشل سطح پر تقریبا 1400 ایل جی بی ٹی کیو افراد اور ان کے خاندانوں نے کیتھولک مسیحیوں کے مقدس مقام ویٹیکن میں سرکاری طور پر تسلیم شدہ زیارت میں حصہ لیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ایل جی بی ٹی کیو زائرین 20 ممالک سے آئے تھے اور انہوں نے رینبو لباس پہن کر اور صلیبیں اٹھا کر دعائیہ اجتماعات، ماس اور دیگر سرگرمیوں میں شرکت کی۔

زیارت ویٹیکن کے سرکاری کیلنڈر میں شامل تھی لیکن ویٹیکن نے واضح کیا کہ اس کا مطلب ایل جی بی ٹی کیو کی حمایت یا اسپانسرشپ نہیں۔

ایل جی بی ٹی کیو زائرین سینٹ پیٹرز باسیلیکا کے ہولی ڈور سے داخل ہوئے جو ہر 25 سال بعد کھلتا ہے اور مفاہمت کی علامت ہے۔

مذکورہ زیارت کا انتظام اطالوی ایل جی بی ٹی کیو ایڈووکیسی تنظیم ’جوناتھن ٹینٹ‘ نے کیا جبکہ دیگر گروپس نے اس میں معاونت فراہم کی۔

پوپ فرانسس جو اپریل 2025 میں انتقال کر گئے تھے، انہوں نے اپنے 12 سالہ دور میں ایل جی بی ٹی کیو افراد کے لیے خیرمقدم کا پیغام دیا۔

انہوں نے 2013 میں کہا تھا کہ وہ کون ہیں فیصلہ کرنے والے؟ اور 2023 میں انہوں نے ہم جنس جوڑوں کو شادی کی اجازت دی، جس پر متعدد مسیحی مذہبی رہنما ان سے ناراض بھی ہوئے۔

موجودہ پوپ لیو جو مئی 2025 میں منتخب ہوئے، انہوں نے تاحال ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے بارے میں عوامی طور پر کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی 2023 کے فرمان پر تبصرہ کیا ہے۔