’ابیر گلال‘ کا ٹیزر ریلیز ہونے کے بعد اسٹریس میں چلا گیا تھا، فواد خان
پاکستانی اداکار فواد خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے آنے والی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ کا ٹیزر ریلیز ہونے اور ٹیزر میں شامل گانا وائرل ہونے کے بعد دباؤ میں آگئے تھے، انہوں نے اسٹریس کو ذہن پر سوار کرلیا تھا۔
ابتدائی طور پر ’ابیر گلال‘ کا ٹیزر اپریل 2025 میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم کو مئی میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن مئی میں ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر فلم کی ریلیز موخر کردی گئی تھی اور اس کے ٹریلر اور ٹیزر کو بھی یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا تھا۔
اب دوبارہ فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے 12 ستمبر کو بھارت کے علاوہ تمام ممالک میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فلم کی تشہیر کے سلسلے میں خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے فواد خان کا کہنا تھا کہ ان کی آنے والی فلم بالکل سادہ کھانے کی طرح ہے، جس کا ذائقہ الگ محسوس ہوتا ہے اور اسے کھانے میں بھی مزہ آتاہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی فلم ’پلیٹ کلینزر‘ سمجھتے ہیں، کیونکہ آج کل سینما زیادہ تر سنجیدہ، سسپنس یا پرتشدد کہانیوں تک محدود ہو کر رہ گیا۔
ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے کہا کہ رشتے بنانا ایک طویل سفر ہے، شروع میں اگر کسی سے پہلی نظر کا پیار ہی کیوں نہ ہوجائے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ دونوں افراد کو ایک دوسرے کی خامیوں کو قبول کرنا پڑتا ہے۔
بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ بننے والی مذکورہ فلم میں فواد خان ایک نرم مزاج اور حقیقت پر مبنی رومانوی شخص کے طور پر دکھائی دیں گے۔
دوران انٹرویو بھارتی اداکارہ وانی کپور کا کہنا تھا کہ فلم میں وہ خود شناسائی میں ڈوبی نظر آئیں گی، وہ فلم میں وہ ایک ایسی خاتون کے طور پر نظر آئیں گی جو پرانی سوچ کی مالک ہوتی ہیں اور وفاداری پر یقین رکھتی ہیں۔
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کہا کہ وہ ابھی تک سنگل ہیں، انہیں ڈر لگتا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ کسی کے ساتھ رہوں اور بعد میں محسوس کروں کہ یہ ان کی غلطی تھی، اس لیے وہ چاہتی ہیں کہ وہ جب بھی فیصلہ کریں تو سو فیصد یقین کے ساتھ کریں۔
ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے بتایا کہ ’ابیر گلال‘ کے ٹیزر میں شامل گانے کے معاملے میں وہ کافی دباؤ میں تھے، وہ خود کو باتھ روم سنگر سمجھتے ہیں لیکن ان کا گانا بہت مشہور ہوا، اسی لیے وہ گھبرا گئے تھے۔
وانی کپور نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران وہ بے اختیار ہنس پڑی تھیں، فواد خان نے انہیں ہنسنے پر مجبور کر دیا اور وہ لمحہ جادوئی تھا۔
بھارتی اداکارہ نے فواد خان کی جانب سے ہنسنے پر مجبور کرنے کا مکمل سبب نہیں بتایا۔