دنیا

روسی تیل خریدنا بند اور ماسکو پر پابندیاں عائد کریں، ٹرمپ کا نیٹو ممالک پر زور

نیٹو بطور گروپ چین پر 50 سے 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرے تاکہ روس پر اس کی معاشی گرفت کو کمزور کیا جا سکے، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے ممبر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روسی تیل خریدنا بند کریں اور یوکرین میں جنگ بندی کے لیے ماسکو پر بڑے پیمانے پر پابندیاں عائد کریں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو ممالک کو خط لکھ کر روسی تیل کی خریداری روکنے اور یوکرین میں جنگ ختم کرنے کے لیے پابندیاں عائد کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’میں روس پر بڑی پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہوں، جب تمام نیٹو ممالک اس پر متفق ہوں گے اور عمل شروع کریں گے، اور جب تمام نیٹو ممالک روس سے تیل خریدنا بند کر دیں گے۔‘

انہوں نے تجویز دی کہ نیٹو بطور گروپ چین پر 50 سے 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرے تاکہ روس پر اس کی معاشی گرفت کو کمزور کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت حالیہ دنوں میں ٹرمپ کی جانب سے ماسکو پر پابندیوں کی دھمکیوں اور ان ممالک پر پابندیوں کے بعد سامنے آئی ہے، جو روسی تیل خرید رہے ہیں، جن میں بڑے خریدار چین اور بھارت شامل ہیں۔

امریکی صدر روسی تیل کی خریداری پر بھارتی مصنوعات کی درآمدات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کر رکھا ہے، لیکن چین کے خلاف ایسا کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔