کوریا کی مدد کیلئے جنگ میں جان دینے والے 30 عوامی رضاکاروں کی باقیات چین منتقل
امریکی جارحیت کے خلاف مزاحمت اور کوریا کی مدد کے لیے جنگ میں جان دینے والے چینی عوامی رضاکاروں (سی پی وی) کے 30 فوجیوں کی باقیات جمہوریہ کوریا (آر او کے) سے واپس چین منتقل کر دی گئیں۔
ڈان اخبار میں شائع ’اے این آئی‘ اور ’چائنا ڈیلی‘ کی رپورٹ کے مطابق چین کی عوامی لبریشن آرمی ایئر فورس کا وائی-20 ٹرانسپورٹ طیارہ مرنے والوں کی باقیات اور 267 متعلقہ نوادرات لے کر شمال مشرقی چین کے صوبہ لیاؤ ننگ کے دارالحکومت شین یانگ کے تاو شیان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔
جب طیارہ چین کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو 4 جے-20 لڑاکا طیاروں نے اسے حصار میں لے لیا، ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے بعد اسے پانی کی سلامی (واٹر سلیوٹ) سے خوش آمدید کہا گیا۔
ان باقیات کو شین یانگ کے ’شہدا قبرستان‘ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
جمعہ کی صبح انچیون میں جمہوریہ کوریا کی جانب سے مرنے والوں کی باقیات اور متعلقات چین کے حوالے کیے جانے کے بعد، چین نے انچیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک یادگاری تقریب منعقد کی۔
تقریب کے دوران چین کا قومی ترانہ بجایا گیا اور ہر تابوت پر چین کا قومی پرچم لپیٹا گیا، حاضرین نے مرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے 3 بار جھک کر سلامی دی، اس کے بعد باقیات کو طیارے میں منتقل کیا گیا۔
بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کے تحت آج کی تاریخ تک چین اور جمہوریہ کوریا 12 سال سے لگاتار یہ منتقلی انجام دے رہے ہیں، اس دوران جمہوریہ کوریا میں مدفون ایک ہزار 11 عوامی رضاکاروں کی باقیات اور متعلقہ نوادرات چین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔