لائف اسٹائل

بھارتی اداکارہ کا طلاق کا فوٹوشوٹ وائرل

اداکارہ کے فوٹوشوٹ کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے انہیں شادی جیسے مقدس رشتے کے ختم ہونے پر جشن منانے کو معیوب قرار دیا۔

جنوبی بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کی اداکارہ شالنی سیکر کا طلاق کے بعد کرایا گیا فوٹوشوٹ وائرل ہوگیا اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کرتے دکھائی دیے۔

شوبز ویب سائٹ ’فلمی بیٹ‘ کے مطابق شالنی سیکر کی جانب سے طلاق ہونے کے بعد کرائے گئے فوٹوشوٹ کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث شروع ہوگئی۔

اداکارہ کے فوٹوشوٹ کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے جہاں انہیں شادی جیسے مقدس رشتے کے ختم ہونے پر جشن منانے کو معیوب قرار دیا، وہیں بعض افراد نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکارہ کی جانب سے اپنی طلاق کا کرایا گیا فوٹو شوٹ دو سال پرانا ہے لیکن حال ہی میں ان کے طلاق فوٹوشوٹ کی تصویر کسی نے انسٹاگرام پر شیئر کی تو اداکارہ کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

شالنی سیکر نے اپریل 2023 میں طلاق کے کچھ عرصے بعد طلاق کا فوٹوشوٹ کروایا تھا، جس میں انہوں نے شادی کے عروسی لباس کی طرز کا سرخ لباس زیب تن کیا تھا اور ہاتھوں میں انہوں نے مختلف نعروں کے پلے کارڈز تھام رکھے تھے۔

اداکارہ کی جانب سے تھامے گئے پلے کارڈز میں طلاق کو خواتین کا قصور نہ سمجھنے سمیت طلاق کو صرف خواتین کے لیے عذاب نہ سمجھنے کے قول درج تھے۔

تامل اداکارہ نے 2020 میں شادی کی تھی اور تقریبا تین سال بعد ہی ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

اداکارہ کی طلاق کا فوٹوشوٹ اپریل 2023 میں بھی وائرل ہوا تھا اور اس وقت بھی متعدد نشریاتی اداروں نے اداکارہ سے انٹرویو کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن اداکارہ نے طلاق فوٹوشوٹ پر کسی سے بات کرنے سے انکار کردیا تھا۔

شالنی سیکر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں طلاق فوٹوشوٹ کو پسند کرنے والے افراد اور نشریاتی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انٹرویوز کے لیے معذرت کی تھی۔