لائف اسٹائل

فنکار کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں، ماہرہ خان کی عمر پر تنقید کرنے والوں کو اورنگزیب لغاری کا جواب

اگر فنکار کسی سے اختلاف رکھتے بھی ہیں تو انہیں یہ بات عوامی سطح پر بیان نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں، سینئر اداکار

سینئر اداکار اورنگزیب لغاری نے کہا ہے کہ فنکار کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی اور اداکارہ ماہرہ خان کی عمر پر تنقید کرنے والے لوگ اس معیار تک کبھی نہیں پہنچ سکتے۔

اورنگزیب لغاری نے حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام ’گپ شپ وِد واسع چوہدری‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے اُن فنکاروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جو اداکارہ ماہرہ خان کے بارے میں منفی رویہ اپناتے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ ہمارے کچھ فنکار صرف خبروں میں رہنے کے لیے مشہور اداکاروں کے خلاف منفی باتیں کرتے ہیں اور ماہرہ خان کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرتے ہیں، جس پر وہ حیران رہ جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان نہ صرف ایک بڑی فنکارہ ہیں بلکہ انتہائی خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ بھی ہیں، جو اپنے فن کو بہتر بنانے کے لیے ہمیشہ محنت اور سیکھنے کا جذبہ رکھتی ہیں۔

اورنگزیب لغاری کے مطابق دیگر فنکاروں کو بھی ماہرہ خان سے سیکھنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض لوگ ماہرہ خان کی عمر پر تنقید کرتے ہیں، حالانکہ فنکار کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے جملے اُن لوگوں کو زیب نہیں دیتے جو خود ماہرہ کے معیار تک پہنچنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

اورنگزیب لغاری کا مزید کہنا تھا کہ اگر فنکار کسی سے اختلاف رکھتے بھی ہیں تو انہیں یہ بات عوامی سطح پر بیان نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا فنکار عمر میں بڑا ہوتا ہے، اسے اتنا ہی عاجزی اور انکساری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، انٹرویو لینے والا چاہے سوال کرے، لیکن جواب دینا یا نہ دینا فنکار کے اپنے اختیار میں ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان کو متعدد بار شوبز انڈسٹری کے مشہور شخصیات کی جانب سے زائد العمری کے طعنے دیے گئے، جن میں فردوس جمال کا نام سب سے زیادہ نمایاں ہے۔

ان کی عمر پر تنقید خاص طور پر اس وقت بڑھ گئی جب ان کی فلم ’لو گرو‘ ریلیز ہوئی، جس کے بعد کئی افراد نے انہیں عمر کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔