لائف اسٹائل

’کسی مرد کے ساتھ نہیں سو سکتی‘ بگ باس کی ڈیڑھ کروڑ کی آفر مسترد کی، تنوشری دتہ

گزشتہ 11 سال سے مجھے ہر بار ’بگ باس‘ میں شرکت کی پیش کش ہوتی رہی ہے، میں نے ہمیشہ ایسی آفرز کو مسترد کیا، اداکارہ

بولی وڈ کی متنازع اور بولڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اس بار بھی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے 19 ویں سیزن میں شرکت کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے آفر مسترد کردی۔

اداکارہ کے مطابق انہیں متنازع ریئلٹی شو میں شرکت کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کی خطیر رقم کی پیش کش ہوئی تھی لیکن وہ ایسے کسی شو کا حصہ نہیں بن سکتیں، جس میں انہیں کسی مرد کے ساتھ سونا پڑے۔

شوبز آؤٹ لیٹ ’زوم‘ کے مطابق تنوشری دتہ نے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے ’بگ باس 19‘ میں شرکت سے انکار کردیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 11 سال سے انہیں ہر بار ’بگ باس‘ میں شرکت کی پیش کش ہوتی رہی ہے لیکن انہوں نے ہمیشہ ایسی آفرز کو مسترد کیا۔

اداکارہ کے مطابق انہیں ’بگ باس‘ کا فارمیٹ پسند نہیں، وہ دوسری خواتین کی طرح لڑ نہیں سکتیں، کسی کے ساتھ بدتمیزی نہیں کر سکتیں اور نہ کسی کی بدتمیزی برداشت کر سکتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ’بگ باس‘ کے فارمیٹ کے تحت تمام افراد کو ایک ہی چھت تلے رہنا، کھانا پینا اور سونا پڑتا ہے، مرد و خواتین بھی ایک ساتھ ایک ہی بستر پر سوتے ہیں۔

تنوشری دتہ کے مطابق وہ محض چند پیسوں کی خاطر شو میں کسی مرد کے ساتھ بستر پر نہیں سو سکتیں، اس لیے انہوں نے پیش کش مسترد کی۔

اداکارہ کا دعویٰ تھا کہ انہیں اس بار شو کا حصہ بننے کے لیے بھارتی ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کی پیش کش کی گئی لیکن انہوں نے پیسوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے اصولوں کے مطابق شو میں شرکت کرنے سے انکار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ منفرد طبیعت کی مالک ہیں، وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ بھی نہیں رہ سکتیں تو وہ ’بگ باس‘ کے لوگوں کے ساتھ کیسے رہتیں؟