فلم ساز کا شاہ رخ کے مقابلے عامر خان کو تین گنا زیادہ معاوضے پر کاسٹ کرنے کا انکشاف
ماضی کے مقبول فلم ساز پرہاد ککڑ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں شاہ رخ خان کے مقابلے تین گنا زیادہ معاوضے پر عامر خان کو کاسٹ کیا تھا۔
بولی وڈ خانز بھارت کے مہنگے ترین اداکار تسلیم کیے جاتے ہیں، اس وقت ان کا معاوضہ کروڑوں روپے میں ہیں اور وہ فلم کی کمائی سے شیئرز بھی حاصل کرتے ہیں۔
سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان 1990 کے بعد ہی بھارت کے مہنگے ترین اداکار بن چکے تھے، تینوں خانز میں سے سلمان خان اور شاہ رخ خان کو زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار مانا جاتا تھا۔
لیکن اب ایک بھارتی فلم ساز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 1990 کی دہائی میں شاہ رخ خان کے مقابلے عامر خان کو تین گنا زیادہ معاوضے پر کاسٹ کیا تھا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق فلم ساز پرہاد ککڑ نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ماضی کی فلم انڈسٹری کے بہت رازوں سے پردے اٹھائے۔
فلم ساز نے شاہ رخ اور عامر خان کے معاوضے اور کام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے ماضی میں ایک اشتہار کے لیے عامر خان کو بہت زیادہ معاوضے پر کاسٹ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اشتہار میں انہیں صاف ستھری شخصیت کا مقبول ہیرو درکار تھا اور ان کے لیے دونوں شاہ رخ اور عامر خان موزوں تھے، تاہم انہیں زیادہ عامر خان پسند آئے۔
ان کے مطابق اشتہار کے لوازمات کے مطابق اس وقت عامر خان ان کے اشتہار کے لیے بہتر تھے، کیوں کہ ان کی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ بہت مقبول ہوئی تھی اور ان کا چرچہ تھا، انہیں صاف ستھرا اور خوبصورت نوجوان سمجھا جا رہا تھا۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ ان ہی دنوں میں شاہ رخ خان ممبئی کے علاقے منت میں اپنا نیا گھر خرید رہے تھے اور انہیں گھر کی خریداری کے لیے محض 6 لاکھ روپے درکار تھے۔
پرہاد ککڑ نے بتایا کہ شاہ رخ خان گھر خریدنے کے لیے ان کے ساتھ اشتہار میں محض 6 لاکھ روپے کے عوض کام کرنے پر تیار ہوگئے تھے لیکن انہوں نے انہیں کاسٹ نہیں کیا۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے 6 لاکھ روپے کے عوض عامر خان کو 17 لاکھ روپے میں کاسٹ کیا۔
ان کے مطابق اگرچہ انہیں شاہ رخ خان تین گنا سستے پڑ رہے تھے لیکن انہوں نے معاوضے کی پرواہ کیے بغیر اشتہار کے لیے موزوں شخص کو کاسٹ کیا اور انہوں نے 6 لاکھ روپے کے بجائے 17 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کیا۔