آنجہانی چینی اداکار یو مینگلونگ کی والدہ نے بیٹے کی حادثاتی موت کی وجہ بتادی
آنجہانی چینی اداکار یو مینگلونگ کی والدہ نے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں بیٹے کی حادثاتی موت کی وجہ بتادی۔
11 ستمبر کو چینی اداکار یو مینگلونگ بیجنگ میں ایک رہائشی عمارت کی پانچویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئے۔
ایشیا ون کے مطابق یہ واقعہ بیجنگ کے ضلع چاؤیانگ میں پیش آیا، جہاں اداکار اپنے ایک دوست کے گھر دو روز قبل دعوت میں شریک ہوئے تھے، رات کا کھانا کھانے کے بعد وہ تقریباً دو بجے سونے کے لیے بیڈ روم میں چلے گئے اور اس دوران انہوں نے اپنا کمرہ بھی لاک کرلیا تھا۔
اداکار کے دوست کے مطابق اگلی صبح جب انہوں نے یو مینگلونگ کو جگانے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں ملا۔
بعد ازاں کمرے میں جا کر دیکھا گیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھے اور ڈھونڈنے پر ان کی لاش عمارت کے نیچے گراؤنڈ فلور پر ملی۔
37 سالہ یو مینگلونگ نے 2017 میں مشہور چینی ڈرامہ ’اِٹرنل لَو‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔
اداکار کی اچانک موت سے مداح اور شوبز حلقہ گہرے صدمے میں چلا گیا، مداحوں کی جانب سے ایسی قیاس آرائیاں بھی کی جانے لگیں کہ کہیں ان کا قتل نہ کیا گیا ہو۔
حال ہی میں چینی اداکار کی والدہ نے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں بیٹے کی موت کے حوالے سے پھیلی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
اداکار کی منیجمنٹ ٹیم کے ویبو اکاؤنٹ پر شائع کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ حال ہی میں انہوں نے بے پناہ درد اور غم کا سامنا کیا کیونکہ ان کا عزیز بیٹا مینگلونگ شراب پینے کے بعد بلندی سے گر کر ہمیں ہمیشہ کے لیے چھوڑ گیا۔
والدہ نے کہا کہ بیٹے کی اچانک موت سے وہ اداسی میں مبتلا ہیں، پولیس نے انہیں اپنی تفتیش سے آگاہ کیا ہے اور جنازے کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہر کوئی اس حادثے کو معقول طور پر دیکھے اور مزید قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔