عامر خان کی اداکاری نے کبھی متاثر نہیں کیا، فیصل رحمٰن
سینئر اداکار فیصل رحمٰن نے کہا ہے کہ بالی وڈ اداکار عامر خان کی اداکاری نے انہیں کبھی متاثر نہیں کیا۔
فیصل رحمٰن نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فلمی تجربات اور مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ میڈم نور جہاں نے ان کے والد کو اپنا بھائی بنایا ہوا تھا، اسی وجہ سے وہ انہیں بھائی کا بیٹا کہہ کر پکارتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ والد اور میڈم نور جہاں دونوں ایک ہی انڈسٹری کا حصہ تھے اس لیے وہ ان کے والد اور انہیں اچھی طرح جانتی تھیں۔
فیصل رحمٰن نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے میڈم نور جہاں کے ساتھ بہت وقت گزارا لیکن کبھی ان کے ساتھ تصویر نہیں بنوائی۔
ان کے مطابق اس وقت ایسا محسوس ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ ایک دن اس دنیا میں نہیں رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ میڈم نور جہاں نہ صرف ایک بہترین گلوکارہ تھیں بلکہ ایک نفیس اور شاندار شخصیت کی مالک بھی تھیں، وہ سفر کے دوران اپنی ہی ریکارڈنگ سنتی تھیں تاکہ جان سکیں کہ کس طرح گایا ہے۔
فیصل رحمٰن نے کہا کہ اداکاری میں اچھا یا برا کچھ نہیں ہوتا، بس اداکار کو کہانی کے مطابق کردار نبھانا اور ویسا ہی ردعمل دکھانا ہوتا ہے۔
بالی وڈ اداکار عامر خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل رحمٰن نے کہا کہ اگرچہ وہ ایک اچھے انسان ہوں گے لیکن ان کی اداکاری انہیں متاثر نہیں کرتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عامر خان اسکرین پر بہت زیادہ کوشش کرتے نظر آتے ہیں جیسے وہ ہر حال میں پرفیکٹ دکھنا چاہتے ہوں، جب کہ حقیقت میں پرفیکٹ کچھ نہیں ہوتا۔
فیصل رحمٰن کے مطابق ممکن ہے کہ عامر خان کی ٹیم نے ان کے لیے ’مسٹر پرفیکٹ‘ کی امیج بنائی ہو جو کہ مارکیٹنگ کے لیے فائدہ مند ہے، لیکن ان کے نزدیک اداکاری میں ایسی جدوجہد کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں اس تبصرے کے بعد لوگ ضرور تنقید کریں گے کیونکہ عامر خان کی بڑی فالوونگ ہے، تاہم یہ ان کا ذاتی نظریہ ہے اور وہ یہ بالکل نہیں کہہ رہے کہ باقی بھی عامر خان کو ناپسند کریں، مگر ان کے مطابق عامر خان کی اداکاری انہیں کبھی متاثر نہیں کر سکی۔