ہوٹل میں قیام کے دوران ان دیکھی قوت میرے بال کھینچتی رہی، مدیحہ نقوی
ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے ایک ہوٹل میں قیام کے دوران ان دیکھی قوت ان کے سر کے بال کھینچی رہی، جس وجہ سے وہ خوف زدہ ہوگئیں۔
مدیحہ نقوی نے حال ہی میں اپنے مارننگ شو میں ان دیکھی طاقتوں اور جنوں کے مسائل پر پروگرام کیا، جس میں اداکار فیضان شیخ، یوٹیوبر اذلان شاہ اور اداکارہ عمارہ چوہدری سمیت دیگر شخصیات بطور مہمان شریک ہوئیں۔
پروگرام کے دوران فیضان شیخ، اذلان شاہ اور اداکارہ عمارہ چوہدری نے بھی ان دیکھی طاقتوں اور جنوں کے سایوں سے متعلق اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات بیان کیے۔
پروگرام کے دوران اداکارہ عمارہ چوہدری نے بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں کرائے پر فلیٹ لیا، جہاں جنات کا سایہ تھا اور ان کے بیڈ روم کی کھڑکیاں اور دروازہ از خود زور سے کھلنے اور بجنے لگتے تھے۔
پروگرام کے دوران میزبان مدیحہ نقوی نے اپنے ساتھ دبئی کے ایک ہوٹل میں پیش آنے والے واقعے کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ شوہر فیصل سبزواری اور اپنے نوزائیدہ بیٹے کے ہمراہ دبئی گئیں، جہاں ان کے ساتھ ہوٹل میں ان دیکھی قوتوں کا واقعہ پیش آیا۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ جب ان کے شوہر اور بیٹا کمرے میں موجود تھے، تب کسی انجان طاقت نے ان کے سر کے بال کھینچے تو انہوں نے شوہر سے دریافت کیا۔
ان کے مطابق شوہر نے انہیں بتایا کہ انہوں نے ان کے بال نہیں کھینچے اور نہ ہی بیٹے نے ان کے بالوں سے حرکت کی، بالوں کو کھینچنے کا ان کا وہم ہے۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوہر کی بات پر یقین کرلیا اور سو گئیں لیکن کچھ دیر بعد پھر سے ان کے بالوں کو کھینچا گیا۔
مدیحہ نقوی کے مطابق اسی طرح اگلے روز بھی ان کے ساتھ ایسا ہی ہوا، کسی ان دیکھی قوت نے ان کے سر کے بالوں کو کھینچا، جس پر وہ پریشان ہوگئیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کمرے میں جنات کے سائے کو سمجھ گئیں اور انہوں نے کمرے میں سورہ رحمٰن بڑی آواز میں تلاوت لگانے کے بعد ہوٹل کے کونے میں جاکر ان دیکھی قوتوں سے بات کی۔
ان کے مطابق انہوں نے ان دیکھی قوتوں کو التجا کی کہ انہیں آرام سے رہنے دیا جائے، ان کے ساتھ چھوٹا بیٹا ہے اور وہ ایک روز میں یہاں سے چلی جائیں گی۔