شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کا بطور ہدایت کار کیریئر کا آغاز
بولی وڈ بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے بطور ہدایت کار کیریئر کا آغاز کردیا، ان کی ہدایت کردہ پہلی ویب سریز ’دی باسٹرڈ آف بولی وڈ‘ نیٹ فلیکس پر ریلیز کردی گئی۔
نیٹ فلیکس نے گزشتہ برس تصدیق کی تھی کہ آریان خان پلیٹ فارم کے لیے ویب سیریز بنائے گا اور اب ان کی ویب سیریز پیش کردی گئی۔
آریان خان کی ہدایت کردہ سیریز ’دی باسٹرڈز آف بالی ووڈ‘ کی کہانی ایک نوجوان آسمان سنگھ کے گرد گھومتی ہے جو بولی ووڈ انڈسٹری میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے۔
سیریز میں بولی ووڈ کی چمک دھمک، ایک دوسرے سے بازی لے جانے، خاندانی رازوں، محبت، اور نیپوٹزم (اقربا پروری) جیسے موضوعات کو دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز کے پہلے سیزن میں آسمان سنگھ ایک بڑے فلم اسٹار کی بیٹی کرشمہ تلوار کے ساتھ کام کرتا ہے جب کہ سیریز میں رومانس، دھوکہ اور انڈسٹری کے اندرونی مسائل کو بھی اچھوتے انداز میں دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز میں بولی ووڈ کے پیچیدہ رشتوں اور طاقت کے کھیل کو ستم ظریفی اور ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
جہاں اس کی ہدایات آریان خان نے دی ہیں، وہیں اسے ان کی والدہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے اور ویب سیریز کو شاہ رخ خان کے ہی پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چلی‘ کے تحت بنایا گیا ہے۔
ویب سیریز میں کاسٹ میں بوبی دیول، لکھشیا لالوانی، سحر بامبا، راگھیو جویال، رجت بیدی، انایا سنگھ اور منیش چوہدری سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
ویب سیریز میں کرن جوہر اور شاہ رخ خان سمیت دیگر شخصیات کو بھی مختصر کرداروں میں دکھایا گیا ہے جب کہ اس میں تمنا بھاٹیا کے آئٹم سانگ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ویب سیریز میں بولی وڈ کے مقبول ترین ولنز سمیت دیگر اداکاروں کو بھی دکھایا گیا ہے اور بولی وڈ کی دنیا پر بنائی سیریز کو بولی وڈ کے انداز میں ہی پیش کیا گیا ہے۔
آریان خان کی جانب سے ہدایت کاری کا آغاز کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ نیٹ فلیکس کے لیے مزید ویب سیریز اور فلمیں بھی بنائیں گے جب کہ مستقبل میں وہ بطور اداکار بھی سامنے آئیں گے۔
ان کی بہن سہانا خان پہلے ہی بطور اداکارہ کیریئر کا آغاز کر چکی ہیں۔