پاکستان

ڈیرہ اسمٰعیل خان : سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں آپریشن کیا، ہلاک دہشتگردوں میں تین افغان نژاد خوارج اور دو خودکش بمبار بھی شامل تھے، آئی ایس پی آر

ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشتگردوں میں دو خودکش بمبار بھی شامل تھے۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج، جن میں تین افغان نژاد خوارج اور دو خودکش بمبار شامل تھے، ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کو توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ختم کیا جا سکے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دریں اثنا ڈان نیو ز کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے 7 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، فورسز کی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور خوارجیوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

خیال رہے کہ آج لکی مروت میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، جن سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کو کلیئر کردیا۔

واضح رہے کہ ملک میں حالیہ مہینوں میں دہشت گردی کے واقعات میں تیزی آئی ہے جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز بھی بڑھ گئے ہیں۔

اگست 2025 پاکستان میں دہشت گرد حملوں کے حوالے سے دہائی کا بدترین مہینہ ثابت ہوا ، جولائی کے مقابلے میں دہشتگردوں کے حملوں میں 74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔