لائف اسٹائل

اچھا ہے ’لازوال عشق‘ کو یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، نادیہ خان

مذکورہ شو میں ایسا نہ ہو کہ اندر بنگلے میں لڑکا اور لڑکی جائیں، واپسی پر وہ تین باہر نکلیں، اداکارہ

اداکارہ، ٹی وی میزبان و مبصر نادیہ خان نے کہا ہے کہ اچھا ہے کہ عائشہ عمر کی میزبانی میں بنائے گئے ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کو یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا۔

’لازوال عشق‘ نامی ریئلٹی شو کو 29 ستمبر سے یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، اس کے ٹیزر اور ٹریلر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے عائشہ عمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شو پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔

سوشل میڈیا صارفین اور مبصرین ’لازوال عشق‘ کو ڈیٹنگ شو قرار دے رہے ہیں جب کہ عائشہ عمر نے وضاحت کی تھی کہ ان کا شو ڈیٹنگ پر مبنی نہیں، البتہ ان کے شو میں سچی محبت کی تلاش کی جائے گی۔

شو میں چار لڑکیوں اور چار لڑکیوں کو ایک بنگلے نما محل میں کئی ہفتوں تک تنہا رکھا جائے گا، جہاں وہ ایک ساتھ رہنے سمیت تمام معاملات ایک دوسرے سے شیئر کریں گے۔

مذکورہ شو کے ٹریلر سامنے آنے کے بعد اس پر پابندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، تاہم ’کیا ڈراما ہے‘ نامی شو میں نادیہ خان، عتیقہ اوڈھو اور مرینہ خان نے شو کی تعریفیں کردیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین برہم بھی دکھائی دیے۔

شو میں مرینہ خان نے بتایا کہ ’لازوال عشق‘ کے شو کو عربی، ترکی اور دیگر زبانوں میں پہلے ہی پیش کیا جا چکا ہے لیکن اب پہلی بار اسے اردو زبان میں پیش کیا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ شو مکمل طور پر ترکیہ کا ہے یا پھر کسی پاکستانی اور ترکیہ کے پروڈکشن ہاؤس کی مشترکہ کوشش ہے؟

پروگرام کے دوران عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ ’لازوال عشق‘ سے بڑھ کر ہماری ویب سیریز اور ڈرامے یوٹیوب پر پڑے ہوئے ہیں لیکن مذکورہ شو پر پابندی لگانا عقل مندی نہیں۔

اسی دوران مرینہ خان کاکہنا تھا کہ ’برزخ‘ جیسی ویب سیریز پر بھی یوٹیوب پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی تھی، مذکورہ یوٹیوب چینل پاکستان میں بند کردیا گیا تھا، اسی طرح ’لازوال عشق‘ کا یوٹیوب چینل بھی بند کردیا جائے گا۔

ان کی بات پر نادیہ خان نے کہا کہ اچھا ہے کہ ’لازوال عشق‘ کسی ٹی وی چینل پر نہیں چلے گا بلکہ یوٹیوب پر نشر ہوگا، جہاں جس کا دل چائےگا، دیکھے گا، جس کا دل نہیں چاہے گا، نہیں دیکھے گا۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ مذکورہ شو میں ایسا نہ ہو کہ اندر بنگلے میں لڑکا اور لڑکی جائیں، واپسی پر وہ تین باہر نکلیں۔