ماہرہ خان کو دیکھتے ہی وی جے بنانے کا عزم کیا تھا، وجاہت رؤف
فلم ساز وجاہت رؤف نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماہرہ خان کو کئی سال قبل ایک نظر میں دیکھتے ہی میوزک ٹی وی چینل پر بطور ویڈیو جوکی (وی جے) رکھنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
وجاہت رؤف نے حال ہی میں اہلیہ شازیہ وجاہت کے ہمراہ ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں وجاہت رؤف نے واضح کیا کہ انہوں نے ہانیہ عامر کو فلم انڈسٹری میں متعارف نہیں کرایا، وہ پہلے سے ہی کام کر رہی تھیں۔
ان کے مطابق ہانیہ عامر کو شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے تقریبا چار سال کا عرصہ گزر گیا تھا تو انہوں نے اداکارہ کو فلموں میں کاسٹ کرنا شروع کیا۔
فلم ساز و پروڈیوسر نے کہا کہ البتہ ماہرہ خان کو انہوں نے بطور وی جے پہلا موقع دیا اور انہوں نے ان کا کیریئر شروع سے دیکھا۔
وجاہت رؤف نے بتایا کہ ماضی میں ایم ٹی وی کے لانچ پروگرام میں انہوں نے ماہرہ خان کو پرفارمنس کرتے دیکھا تو انہوں نے پہلی ہی نظر میں فیصلہ کرلیا کہ وہ انہیں وی جے کے طور پر کام کا موقع دیں گے۔
ہدایت کار کے مطابق وہ اس وقت میوزک ٹی وی چینل ’آگ‘ میں کام کرتے تھے اور انہوں نے ماہرہ خان کو وہاں ’وی جے‘ کے طور پر رکھا اور انہوں نے اداکارہ کے کیریئر کا عروج دیکھا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کا سوچا اور ایک دو بار انہیں کہا بھی لیکن اس وقت اداکارہ دوسری فلموں کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔
انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ماہرہ خان کی فیس کی وجہ سے وہ انہیں کاسٹ نہیں کرتے۔
اسی بات پر وجاہت رؤف کی اہلیہ شازیہ وجاہت نے بھی کہا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو کاسٹ کرنے کی کوشش کی لیکن اس وقت اداکارہ دوسرے منصوبوں میں مصروف تھیں، جس وجہ سے ان کے ساتھ وہ کام نہیں کر سکے۔
شازیہ وجاہت کا کہنا تھا کہ فواد خان اور ماہرہ خان ہی رہ گئے ہیں، جن کے ساتھ ابھی تک انہوں نے کام نہیں کیا اور ان کے ساتھ انہوں نے کام کرنا ہے۔