لائف اسٹائل

روبی انعم کا بشریٰ انصاری سے متعلق بیان پر وضاحتی ردعمل، تنازع ختم کرنے کا اعلان

شکر ہے لوگ پہچانتے ہیں، کچھ جانتے ہوئے بھی انجان بنتے ہیں، بشریٰ انصاری کے نہ جاننے کے بیان پر روبی انعم کا ردعمل

اسٹیج اداکارہ روبی انعم نے بشریٰ انصاری سے متعلق بیان پر وضاحتی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کو غیر ضروری طور پر بڑا بنایا گیا، آئندہ اس موضوع پر کوئی بات نہ کی جائے۔

گزشتہ ماہ روبی انعم نے ایک انٹرویو میں بشریٰ انصاری کی عمر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اب آرام کرنا چاہیے اور اپنی عمر کے مطابق کردار ادا کرنے چاہئیں، اسی دوران انہوں نے اداکارہ اسما عباس کے حد سے زیادہ فیشن کے انتخاب پر بھی اعتراض کیا۔

ان بیانات کے بعد روبی انعم کو میڈیا انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنے مؤقف پر معافی مانگ لی۔

روبی انعم نے حال ہی میں یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اس حوالے سے مزید وضاحت دی اور تنازع کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ صرف ان کی شرارت اور بدکلامی کو یاد رکھتے ہیں لیکن ان کی محبت کو یاد نہیں رکھتے۔

روبی انعم نے بتایا کہ جب بشریٰ انصاری کینیڈا میں تھیں تو انہوں نے بدر منیر کے ذریعے ان کے لیے نیک خواہشات بھجوائیں لیکن یہ پہلو نظرانداز کردیا گیا، جب کہ ان کے ایک منفی جملے کو انٹرنیٹ پر خوب پھیلایا گیا۔

اداکارہ نے کہا کہ انسان کی غلطیوں کو فوراً اچھالا جاتا ہے لیکن اس کی اچھائیوں کو فراموش کردیا جاتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انڈسٹری کے معتبر افراد کی بات سننے کے بعد انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی اور بشریٰ انصاری سمیت اسما عباس سے معافی مانگی۔

روبی انعم کے مطابق اسما عباس نے حقیقی معنوں میں ایک سینئر کا کردار ادا کیا اور انہیں سمجھایا جس پر وہ پشیمان ہوئیں اور دل سے معذرت کی۔

واضح رہے کہ بشریٰ انصاری نے روبی انعم کے بیانات پر براہِ راست ردعمل نہیں دیا تھا، تاہم ایک ولاگ میں کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ پچھلے دنوں کسی نے ان کے بارے میں بکواس کی، حالانکہ وہ اسے جانتی تک نہیں، اس پر ردعمل دیتے ہوئے روبی انعم نے کہا کہ شکر ہے کہ لوگ انہیں جانتے ہیں، ورنہ کچھ لوگ جانتے ہوئے بھی انجان بنتے ہیں۔

روبی انعم کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر بڑا بنایا گیا، گویا یہ 2025 کا سب سے بڑا مسئلہ ہو۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بشریٰ انصاری پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا سب سے بڑا نام ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کی لڑائی اب ختم ہوچکی ہے اور آئندہ اس موضوع پر ان سے کوئی بات نہ کی جائے۔