10 کلو وزن کم کرلیا، اب بڑھانے کی کوشش کررہا ہوں مگر بھوک نہیں لگتی، دانیال خان
ابھرتے ہوئے اداکار دانیال خان نے بتایا کہ انہوں نے 10 کلو وزن کم کر لیا ہے اور اب وزن بڑھانے کی کوشش کے باوجود انہیں بھوک نہیں لگتی۔
دانیال خان نے حال ہی میں پروگرام ’گپ شپ وِد واسع چوہدری‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ڈراموں کے انتخاب، پیشہ ورانہ مالی منصوبہ بندی اور وزن کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
دانیال خان نے بتایا کہ وہ ڈرامے کی کہانی سے زیادہ کاسٹ کے نام دیکھ کر انتخاب کرتے ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ جس ڈرامے میں وہ کام کریں، وہاں وہ سب سے ناتجربہ کار اداکار ہوں، جب کہ باقی اداکار زیادہ تربیت یافتہ ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ یہ بھی دیکھتے ہیں کہ ان کا کردار کہانی میں کس حد تک اہم ہوگا اور اس کی کہانی میں کتنی اہمیت ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں دانیال خان نے کہا کہ اداکاروں کے لیے الگ ذرائع آمدنی ہونا ضروری ہے، خاص طور پر مرد اداکاروں کے لیے، کیونکہ مردوں پر مالی ذمہ داری کا دباؤ زیادہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف اداکاری پر انحصار کرنا کافی نہیں، حالات کے مطابق الگ سے آمدنی کا ذریعہ رکھنا ضروری ہے۔
پروگرام کے دوران ان سے وزن کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا کہ وہ اتنے کمزور کیوں دکھائی دے رہے ہیں۔
دانیال خان نے بتایا کہ انہیں اسکرین پر اپنا وزن زیادہ لگتا تھا، اسی لیے انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے ڈائٹنگ اور روزانہ چہل قدمی کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں ان کا وزن تقریباً 10 کلو کم ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کا وزن تیزی سے کم ہو رہا ہے، کیونکہ انہیں ڈائٹنگ کی عادت ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے بھوک نہیں لگتی اور یہی وجہ ہے کہ وزن دوبارہ بڑھانے کی کوشش کے باوجود بھی وہ اس میں کامیاب نہیں ہو پا رہے۔