لائف اسٹائل

بھارتی حکومت نے 33 سال بعد شاہ رخ خان کو پہلا نیشنل ایوارڈ دے دیا

شاہ رخ خان نے اپنی پہلی ہی فلم میں شائقین کے دل جیت لیے تھے اور پہلے ہی سال انہوں نے 7 فلموں میں کام کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بولی وڈ کے بادشاہ بن گئے تھے۔

بھارتی حکومت نے شوبز انڈسٹری کو 33 سال دینے والے بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کو پہلا نیشنل فلم ایوارڈ دے دیا۔

بھارتی حکومت ہر سال نیشنل فلم ایوارڈز کا فیسٹیول منعقد کرتی ہے، جس میں متعدد اداکاروں اور فلموں سمیت دیگر فلمی شعبہ جات میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔

نیشنل فلم ایوارڈز کا سلسلہ 1954 سے شروع کیا گیا تھا اور اب پہلی بار اسی فلمی سلسلسے کے تحت دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے شاہ رخ خان کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق شاہ رخ خان کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ ان کے ساتھ قدرے نئے اداکار وکرانت میسی کو بھی بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔

اداکارہ رانی مکھرجی کو بھی بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا، بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ بارہویں فیل کو دیا گیا جب کہ تیلگو اور تامل سمیت دیگر مقامی زبانوں کی فلموں کو بھی ایوارڈز دیے گئے۔

بھارتی حکومت کے 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز 2025 فیسٹیول میں میں مجموعی طور پر 21 ایوارڈز دیے گئے،ایوارڈز 19 کیٹیگریز میں تقسیم کیے گئے۔

تمام 19 کیٹیگریز میں سے ہر کیٹیگری میں ایک ایوارڈ دیا گیا لیکن بہترین اداکار کی کیٹیگری میں دو ایوارڈز دیے گئے، جس میں سے ایک ایوارڈ شاہ رخ خان کو دیا گیا۔

تقریب میں بہترین ہندی فلم، بہترین فیچر فلم، بہترین اداکار، بہترین اداکارہ، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ، بہترین فلم نقاد، بہترین ایکشن ڈائریکشن، بہترین گیت، بہترین ہدایتکار، بہترین پاپولر فلم، بہترین تیلگو فلم، بہترین گجراتی فلم، بہترین تامل فلم، بہترین کنڑا فلم، بہترین خاتون پلے بیک سنگر، بہترین مرد پلے بیک سنگر، بہترین سنیماٹوگرافی، بہترین کوریوگرافی، بہترین میک اپ اینڈ کاسٹیوم ڈیزائنر، ری ریکارڈنگ مکسر اور بہترین ساؤنڈ ڈیزائن کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان نے اگرچہ 1988 میں بھارتی سرکاری ٹیلی وژن دور درشن (ڈی ڈی) سے ڈراموں میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، تاہم ان کی پہلی فلم ’دیوانہ‘ 1992 میں ریلیز ہوئی تھی۔

شاہ رخ خان نے اپنی پہلی ہی فلم میں شائقین کے دل جیت لیے تھے اور پہلے ہی سال انہوں نے 7 فلموں میں کام کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بولی وڈ کے بادشاہ بن گئے۔

اپنے 33 سالہ کیریئر میں درجنوں کامیاب اور بہترین فلمیں دینے والے شاہ رخ خان نے اگرچہ متعدد نجی فلمی ایوارڈز اپنے نام کیے، تاہم انہیں کبھی بھارتی سرکاری ’نیشنل فلم ایوارڈ‘ کبھی نہیں ملا تھا۔