دنیا

نیویارک میں فرانسیسی صدر کو ٹریفک پولیس نے روک دیا

امریکی صدر کے قافلے کی وجہ سے فرانسیسی صدر کو روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔

امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ (یو این) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے جانے والے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو ٹریفک پولیس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے قافلے کی وجہ سے روک دیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون 22 ستمبر کی شب نیویارک میں اپنی ٹیم کے ساتھ سڑک پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قافلہ مذکورہ سڑک سے گزر رہا تھا۔

امریکی صدر کے قافلے کے گزرنے کی وجہ سے سیکیورٹی پر مامور ٹریفک پولیس افسر نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو روک دیا۔

امریکی صدر کے قافلے کی وجہ سے فرانسیسی صدر کو روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، جس میں ایمانوئل میکرون کو ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کال پر بات کرتے بھی دیکھا گیا۔

وائرل ویڈیو میں پولیس افسر نے شرمندگی اور اظہار افسوس کرتے ہوئے فرانسیسی صدر سے روکے جانے پر معذرت بھی کی۔

پولیس افسر نے فرانسیسی صدر کو کہا کہ جناب صدر آپ سمیت ہر کسی کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا ہے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کا قافلہ آرہا ہے۔

پولیس افسر کی بات پر ایمانوئل میکرون مسکرائے اور پھر انہوں نے اپنے موبائل فون سے امریکی صدر کو کال کی اور ان سے دلچسپ انداز میں بات بھی کی۔

ایمانوئل میکرون نے سڑک پر کچھ لمحے انتظار کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا اور انہیں ہسنتے ہوئے کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی وجہ سے ہی سڑک پر کھڑے ہیں کیونکہ سڑک سے ان کا قافلہ گزر رہا ہے، جس وجہ سے سب کو روک دیا گیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق فرانسیسی صدر نے امریکی صدر کو فون پر یہ بھی کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ اور قطر کے ساتھ غزہ کے حالات پر بھی بات کرنا چاہتے ہیں۔

فرانسیسی صدر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ بات چیت بہت دوستانہ اور گرمجوش سے ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے کئی عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔