لائف اسٹائل

ماضی کی اداکارائیں کھل کر ڈانس کرتی تھیں، آج ایسا کم دیکھنے کو ملتا ہے، نگاہ حسین

نور بخاری کے ساتھ کام کرکے بہت لطف آیا، وہ نہ صرف بہترین ڈانسر تھیں بلکہ جب وہ رقص کرتی تھیں تو ان کے بال بھی رقص میں شامل ہوجاتے تھے، کوریوگرافر

مشہور کوریوگرافر نگاہ حسین کا کہنا ہے کہ ماضی کی اداکارائیں کھل کر ڈانس کرتی تھیں، جب کہ آج ایسا کم دیکھنے کو ملتا ہے۔

کوریوگرافر نگاہ حسین عرف ’نگاہ جی‘ نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی اور حال کی اداکاراؤں کے ڈانس کے بارے میں گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ اداکارہ نور بخاری کے ساتھ کام کرکے انہیں بہت لطف آیا، وہ نہ صرف بہترین ڈانسر تھیں بلکہ جب وہ رقص کرتی تھیں تو ان کے بال بھی رقص میں شامل ہوجاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ خوبشو، ریشم، ریما اور صائمہ بھی ایسی اداکارائیں تھیں جو انتہائی عمدہ اور کھل کر ڈانس کرتی تھیں۔

نگاہ حسین کے مطابق آج کے دور میں بہت کم اداکارائیں ماضی کی اداکاراؤں جیسا ڈانس کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مہوش حیات، سوہائے علی اور ہانیہ عامر کھل کر ڈانس کرنے والوں میں شامل ہیں، جب کہ باقی اداکارائیں گھٹ کر رقص کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گھٹ کر ڈانس ٹی وی اسکرین پر تو اچھا لگتا ہے، لیکن سینما اسکرین کے لیے کھل کر رقص کرنا ضروری ہوتا ہے۔

کوریوگرافر نے مزید کہا کہ سجل علی کو ڈانس نہیں کرنا چاہیے، جب کہ مرد اداکاروں میں ان کے مطابق احسن خان کو اب رقص نہیں کرنا چاہیے کیونکہ وہ بہت زیادہ ڈانس کرچکے ہیں۔

ان کے خیال میں احسن خان کو ڈانس کے بجائے اب زیادہ کردار ادا کرنے چاہئیں یا پھر کوریوگرافر کے طور پر آگے آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فہد مصطفیٰ بہت اچھے ڈانسر ہیں اور ریہرسلز کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں، چاہے دس بار بھی ریہرسل کرنی پڑے۔