گلوکارہ ریانا کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش
بارباڈوس کی پاپ گلوکارہ، فیشن آئیکون اور کاروباری خاتون ریانا نے اپنے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش کی تصدیق کردی۔
ریانا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تیسری بار ماں بننے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش ہوگئی۔
گلوکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کا نام راکی ایئرش مئیرز رکھا ہے جب کہ بچی کی پیدائش گزشتہ ہفتے 13 ستمبر کو ہوئی۔
ریانا نے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے نوزائیدہ بچی کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی، جس میں سے ایک تصویر میں وہ اپنی بیٹی کو گلابی کمبل میں لپیٹے ہوئے نظر آئیں جب کہ دوسری تصویر میں بچی کے گلابی دستانے دکھائے گئے۔
ریانا اور ان کے ساتھی، ریپر اور گلوکار اسیپ راکی پہلے سے ہی دو بیٹوں کے والدین ہیں، ان کے ہاں پہلے بیٹے آر زیڈ اے کی پیدائش 2022 میں ہوئی جب کہ ان کے ہاں دوسرا بیٹا رائٹ 2023 میں ہوا۔
ریانا نے مئی میں رواں برس میٹ گالا کے موقع پر اپنے تیسرے حمل کی خبر دی تھی، وہ اور اسیپ راکی کئی سالوں سے دوست تھے اور 2021 میں دونوں نے اپنے رومانوی تعلقات کو عام کیا۔
ریانا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ تین یا چار بچوں کی ماں بننا چاہتی ہیں اور بچوں کی پرورش کے لیے محبت کو سب سے اہم چیز سمجھتی ہیں۔
تبصروں میں شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں تیسری بار ماں بننے پر مبارکباد پیش کی جب کہ کچھ افراد نے لکھا کہ شادی کے بغیر تین بچوں کی خبر اب بھی سرخیاں بناتی ہیں۔