دنیا

ٹرمپ، شہباز ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دہشتگردی سے نمٹنے کے تعاون پر گفتگو ہوئی، اعلامیہ جاری

وزیراعظم نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا، پاک-امریکا تجارتی معاہدے پر صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، وزیر اعظم آفس سے اعلامیہ جاری

پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا، وائٹ ہاؤس میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان خوشگوار ملاقات نے دنیا کی توجہ سمیٹ لی۔

واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہبازشریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرجوش خیر مقدم کیا، وائٹ ہاؤس کے اوول آفس کے دوستانہ ماحول میں ہونے والی بیٹھک ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی، اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے تعاون پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا، وزیراعظم نے پاک-امریکا تجارتی معاہدے پر صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دے دی۔

امریکی کمپنیوں کے لیے زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی میں سرمایہ کاری کی پیشکشیں بھی سامنے رکھی گئیں، شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور یہ روابط دونوں ممالک کے لیے یکساں مفید ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی بھرپور تعریف کی، ان کی جرات مندانہ، بہادرانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہتے ہوئے باور کرایا کہ صدر ٹرمپ غزہ سمیت دنیا بھر میں تنازعات ختم کرانے کی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں، امریکی صدر کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی اور جنوبی ایشیا بڑے سانحے سے بچا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں کے اعتراف اور غزہ، مغربی کنارے سمیت مشرق وسطیٰ میں امن بحالی کے لیے مسلم رہنماؤں کے ساتھ مشاورت پر بھی ٹرمپ کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی فیلڈ مارشل کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات

اسرائیل کو مغربی کنارہ ضم کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ترکیہ کیلئے بہتر ہوگا، روس سے تیل اور گیس نہ خریدے، ٹرمپ